او آئی سی میں سویڈن کے خصوصی ایلچی کا درجہ معطل

   

ریاض: اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے تنظیم میں سویڈن کے خصوصی ایلچی کا درجہ معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ ڈنمارک میں قرآن کی بے حرمتی کے واقعہ کی شدید مذمت کی ہے۔او آئی سی جنرل سیکریٹریٹ نے ایک بیان میں کہا کہ یہ فیصلہ جولائی کے شروع میں او آئی سی کی ورکنگ کمیٹی کے ہنگامی اجلاس کی سفارش کے عین مطابق ہے۔ سیکریٹری جنرل سے درخواست کی گئی تھی کہ وہ جنرل سیکریٹریٹ کے ساتھ ایسے کسی بھی ملک کے تعلق پر نظرثانی کے لیے ممکنہ اقدامات کریں جو قرآن، اسلامی اقدار اور اسلام کی مقدس شخصیات کی بے حرمتی کا مرتکب ہو رہا ہو۔ او آئی سی کے سیکریٹری جنرل حسین ابراہیم طحہٰ نے سویڈن کے وزیر خارجہ کے نام خط میں اپنے اس فیصلے سے آگاہ کر دیا ہے۔