او آئی سی میں مودی کی حکمت عملی کے ناکام ہونے کا کانگریسی الزام

   

نئی دہلی3مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) اسلامی ممالک کی عالمی اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) میں کشمیر کے سلسلے میں منظور ہونے والی قرارداد پر کانگریس نے مرکزی حکومت کی سخت تنقید کرتے ہوئے اتوار کے روز کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی خارجہ پالیسی ناکام ہو گئی ہے اور اس معاملے پر انہیں ملک کو جواب دینا چاہئے ۔اسلامی تعاون تنظیم کے افتتاحی اجلاس میں وزیر خارجہ شسما سوراج نے شرکت کی تھی۔ اجلاس میں پاکستان کی طرف سے پیش کی گئی قرار داد میں ریاست جموں و کشمیر میں مبینہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تشویش ظاہر کی گئی ہے ۔کانگریس کے میڈیا انچارج رندیپ سنگھ سورجے والا نے ٹویٹ کر کے کہا کہ مسٹر مودی کی سفارتی جیت سفارتی شکست میں بدل گئی ہے ۔انھوں نے سوال کیا کہ کیا وزیر اعظم نے وزیر خارجہ کو او آئی سی میں ہندوستان کے خلاف اسی طرح کے ناقابل قبول الزام قبول کرنے کے لئے بھیجا تھا۔ وزیر اعظم کو اس پر قوم کو جواب دینا چاہئے ۔ خبروں کے مطابق او آئی سی میں کشمیر میں انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں پر قرارداد منظور کی گئی ہے ۔ اسے ہندوستان نے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہندوستان کا اندرونی معاملہ ہے ۔