اواخر جون میں انٹر سال دوم کے امتحانات ، حکومت کا غور

   

مرکزی حکومت کی دو تجاویز ، حالت سازگار نہ ہونے پر سال اول کے مارکس دینے کا بھی جائزہ
حیدرآباد : تلنگانہ حکومت حالت سازگار رہنے پر آئندہ ماہ جون کے اواخر میں انٹرمیڈیٹ سیکنڈ ایئر کے امتحانات کا انعقاد کرنے پر سنجیدگی سے غور کررہی ہے ۔ ریاست میں کورونا کے کیس میں مزید اضافہ ہونے پر انٹرمیڈیٹ فرسٹ ایئر میں طلبہ کو جو مارکس آئے تھے وہی مارکس دینے کے علاوہ دوسری تجاویز پر بھی غور کررہی ہے ۔ اتوار کو دہلی میں مرکزی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ کی قیادت میں اعلیٰ عہدیدارو ں کا اجلاس منعقد ہوا جس میں مرکزی وزراء رمیش پکھرہال، سمرتی ایرانی ، پرکاش جاوڈیکر ، سی بی ایس ای کے عہدیدار مختلف ریاستوں کے وزرائے تعلیم اور اعلیٰ عہدیدار ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ اجلاس میں شریک ہوئے ۔ اس اجلاس میں دو تجاویز پر غور کرتے ہوئے ریاستو ں سے 25مئی تک اس پر اپنی رائے دینے کی ہدایت دی گئی ۔ پہلی تجویز یہ ہیکہ امتحانات کا وقت گھنٹہ ، دیڑھ گھنٹہ کیا جائے۔ دوسری تجویز میں دو مرحلوں میں امتحانات کا انعقاد کیا جائے ۔ ریاستو ں سے تجاویز وصول ہونے کے بعد یکم جون کو قطعی فیصلہ کرنے سے اتفاق کیا گیا ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ مرکزی وزراء کی جانب سے انعقاد کئے گئے اجلاس میں سکریٹری محکمہ تعلیم سندیپ کمار سلطانیہ نے بتایا کہ تلنگانہ میں حالت سازگار رہنے اور کورونا کنٹرول پر آئندہ ماہ جون کے اوآخر میں انٹرمیڈیٹ سیکنڈ ایئر امتحانات کا انعقاد کرنے پر سنجیدگی سے غور کررہی ہے ۔ اگر حالت سازگار نہ ہونے کی صورت میں انٹرمیڈیٹ فرسٹ ایئر میں طلبہ کے جو مارکس حاصل کئے تھے وہی مارکس انٹر سیکنڈ ایئر میں دیتے ہوئے امتحانات کو منسوخ کرنے پر غور کیا جارہا ہے ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کے عہدیداروں نے یہ تجویزحکومت کو روانہ کردی ہے ۔ ریاست میں کورونا کی وباء شدت اختیار کرنے کے بعد حکومت نے اپریل میں انٹرمیڈیٹ کے امتحانات ملتوی کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے یکم جون کو اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کرتے ہوئے تازہ حالت کا جائزہ لینے کے بعد مستقبل کی حکمت عملی تیار کرنے کا اعلان کیا تھا ۔