ممبئی 29 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) اودھو ٹھاکرے زیرقیادت شیوسینا، این سی پی، کانگریس اتحاد کی حکومت کل اسمبلی میں عددی طاقت کا مظاہرہ کرے گی۔ حکومت کو توقع ہے کہ یہ عمل پُرسکون طور پر انجام پائے گا۔ ودھان بھون کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ مہاراشٹرا اسمبلی کے دو روزہ سیشن کا کل بروز ہفتہ آغاز ہورہا ہے۔ پہلے دن اعتماد کا ووٹ لیا جائے گا اور ایوان میں نئے وزراء کو متعارف کیا جائے گا۔ اتوار کے دن اسمبلی اسپیکر کا انتخاب عمل میں آئے گا اور ایوان میں گورنر کے خطبہ پر تحریک تشکر پیش کی جائے گی۔ نئے اسپیکر اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے نام کا اعلان کریں گے۔ گورنر بی کے کوشیاری نے اودھو ٹھاکرے سے کہا ہے کہ وہ 3 ڈسمبر کو اپنی اکثریت ثابت کریں۔