نئی دہلی : اپنی جڑوں کی جانب لوٹنے کی خواہش کا ذکر کرتے ہوئے ڈاکٹر ہرش وردھن نے اپنی سیاسی خدمات کا بھی ذکر کیا ہے، ان سے قبل گوتم گمبھیرو جینت سہنا بھی سرگرم سیاست سے کنارہ کش ہونے کی خواہش ظاہر کر چکے ہیں۔ ہفتہ کے دن بی جے پی کی جانب سے پارلیمانی امیدواروں کی پہلی فہرست جاری ہونے سے قبل ہی بی جے پی لیڈران کا سیاست سے کنارہ کش ہونے کا جو سلسہ شروع ہوا تھا، وہ فہرست کے جاری ہونے کے بعد بڑھتا نظر آ رہا ہے۔ اس میں اب سابق وزیر صحت ڈاکٹر ہرش وردھن کا نام بھی جڑ گیا ہے جنہوں نے سیاست سے کنارہ کش ہو کر اپنی جڑوں کی جانب واپسی کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔ بی جے پی کی فہرست جاری ہونے سے قبل گوتم گمبھیر اور جینت سنہا نے پارٹی قیادت سے خود کو سیاسی سرگرمیوں سے علیحدہ کرنے کی اپیل کی تھی۔ اب ڈاکٹر ہرش وردھن نے بھی سیاسی سرگرمیوں سے علیحدہ ہونے کے لیے اجازت طلب کی ہے۔ اس ضمن میں انہوں نے ’ایکس‘ پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ 30 سال سے زائد شاندار انتخابی کیریئر کے دوران میں نے 5 اسمبلی اور 2 پارلیمانی انتخاب لڑے جس میں کثیر ووٹوں سے کامیاب ہوا اور پارٹی کے ساتھ ساتھ ریاستی و مرکزی حکومتوں میں کئی اہم عہدوں پر کام کیا۔ ’اختتامی درشن‘ کے فلسلفے کو مانتے ہوئے میں اب اپنی جڑوں کی جانب واپسی کی اجازت چاہتا ہوں۔