بھوپال : اورنگزیب معاملہ ٹھنڈا ہوتا دیکھائی نہیں دے رہا ہے ۔ اس کا اثر نہ صرف مہاراشٹر بلکہ اب مدھیہ پردیش میں بھی دیکھا جا رہا ہے۔ مدھیہ پردیش کے جبل پور سے بھی ایک متنازعہ معاملہ سامنے آیا ہے۔ یہاں کانگریس کی ایک خاتون لیڈر نے لارڈ پرشورام کا اورنگ زیب سے موازنہ کیا ہے جس کے بعد سیاسی ماحول گرم ہونا شروع ہوگیا ہے۔ بڑھتے ہوئے تنازعہ کو دیکھتے ہوئے کانگریس نے بھی خاتون لیڈر سے وضاحت طلب کی ہے۔ جبل پور کے کانگریس کے سابق ضلع صدر نے لارڈ پرشورام کا اورنگ زیب سے موازنہ کیا ہے۔کانگریس لیڈر کی فیس بک پوسٹ نے ہنگامہ کھڑا کردیا ہے۔ پوسٹ کے بعد برہمن برادری نے اپنا احتجاج درج کروایا ہے۔ بڑے پیمانے پر مخالفت کے بعد کانگریس نے ریکھا جین کو بھی نوٹس جاری کیا ہے۔ جبل پور سٹی کانگریس نے ریکھا جین کو نوٹس بھیج کر48 گھنٹے کے اندر معافی مانگنے کی ہدایت دی ہے۔ برہمن برادری کے احتجاج اورکانگریس کی طرف سے نوٹس ملنے کے بعد کانگریس لیڈر ریکھا جین کا رویہ ٹھنڈا پڑگیا۔ کانگریس لیڈر نے میڈیا کے سامنے آکر معافی مانگی ہے۔ جبل پورکانگریس نے کہا کہ ریکھا جین کی وجہ سے کانگریس کی سیکولر شبیہ داغدار ہوئی ہے۔