اورنگ آباد : ملک کے باوقار آئی آئی ٹی کالجس میں داخلوں کیلئے ہر سال منعقدہ کئے جانے والے جے ای ای مین امتحان کے نتائج کا اعلان کیا گیا ہے ۔ ان امتحانات میں خلدآباد (اورنگ آباد ) میں واقع العرفان جونیئر کالج خلدآبادکے 6 مسلم طلباء نے شاندار کامیابی کی اور جے ای ای ایڈوانس کیلئے اہل قرار پائے ہیں۔کالج کے طلباء جن میں شیخ محمد سعد اقبال احمد، فوزان احمد محمد عامر، مومن لقمان فصیح الدین، شیخ موسیٰ عبدالرشید احمد، خان عزیر فیصل، یعقوب مومن قیوم مومن نے جے ای ای مینز کے امتحانات میں شاندار کامیابی حاصل کی ہے اور آئی آئی ٹی کالجس میں داخلے کیلئے منعقدہ جے ای ای ایڈوانس کیلئے اہل قرارپائے ہیں۔واضح رہے کہ ملک کے سب سے معروف ، باوقار اور انتہائی معیاری سمجھے جانے والے انجینئرنگ کالجس آئی آئی ٹی میں داخلہ کی خاطر ملک گیر سطح پر دو امتحانات منعقد کیے جاتے ہیں جس میں جے ای ای مین اور جے ای ای ایڈوانس شامل ہیں۔ ملک بھر سے جے ای ای مین میں بارہ لاکھ سے زائد طلباء طالبات شرکت کرتے ہیں اس میں سے ڈھائی لاکھ طلباء آئی آئی ٹی کے داخلہ کی خاطر منعقدہ جے ای ای ایڈوانس کے لئے اہل قرار پاتے ہیں۔