اوساکا نے شکست پر رونے والی نوجوان کوکو کے آنسو پونچے

   

نیویارک۔2 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) یوایس اوپن کی دفاعی چمپئن نومی اوساکا نے ایک مرتبہ پھر اپنے طرز عمل سے شائقین ٹینس کے دل جیت لیے۔ انھوں نے تیسرے راؤنڈ میں امریکہ کی 15 سالہ کوکوگاف کو شکست دی۔ تاہم اس موقع پر شکست خوردہ نوجوان کوکو نے رونا شروع کردیا۔ جاپانی اسٹاراوساکا نے کوکو کے پاس جاکر انھیں دلاسہ دیا اور ان کی دلجوئی کرکے انھیں مزید آنسو بہانے سے باز رکھا۔ کوکو بھی اوساکا کے طرزعمل سے خاصی متاثر دکھائی دیں۔ اوساکا نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ وہ بھی رو رہی تھیں حالانکہ کے مقابلے میں انہیں کامیابی ملی تھی ۔ انہوں نے کہا میں نے دیکھا اس لمحے سب غمگین تھے۔ میں نہیں جانتی کہ وہ کیوں رو رہی تھیں، لیکن مجھے ان کی یہ ادا پسند آئی، انھوں نے میری ہمت باندھی، یہ پہلا موقع نہیں ہے جب اوساکا نے کامیابی کے باوجود شفقت کا مظاہرہ کیا۔
پاکستانی بیٹنگ کوچ کے تقرر میں تاخیر
کراچی ۔2 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کرکٹ بورڈ نے فوری طور پر پاکستانی ٹیم کے لئے بیٹنگ کوچ اور ٹرینر کا تقرر نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس ماہ سری لنکا کی گھریلو ونڈے اور ٹی 20 سیریز میں پاکستانی ٹیم کو بیٹنگ کوچ اور ٹرینر مقامی ہوں گے۔ ذرائع کے بموجب نئے ہیڈ کوچ اور بولنگ کوچ کا اعلان اگلے دنوں میں کیا جائے گا۔ پی سی بی ترجمان نے تصدیق کی کہ بولنگ کوچ اور ٹرینر کے انٹرویو اس لئے نہیں ہوئے کیوں کہ سری لنکا کی سیریز میں مقامی بولنگ کوچ اور ٹرینر ہوگا۔ صرف ہیڈ کوچ اور بولنگ کوچ کا تقرر کیا جائے گا۔ مصباح الحق ہیڈکوچ اور چیف سلیکٹر کے لئے مضبوط امیدوار ہیں جبکہ بیٹنگ کوچ کی ذمے داریاں بھی انہیں ہی دینے کی تجویز ہے۔سابق کپتان اور فاسٹ بولر وقار یونس کو بولنگ کوچ مقرر کئے جانے کا امکان ہے۔