ایتھنز۔20 مارچ (سیاست ڈاٹ کام)کورونا وائرس کے باعث اولمپکس کو ملتوی کرنے کے مطالبات کے باوجود ٹوکیو اولمپکس 2020 کے منتظمین نے بند دروازوں میں ہونے والی تقریب کے دوران یونان سے اولمپک مشعل وصول کرلی۔شائقین کی غیر حاضری میں اولمپک جمناسٹک چمپئن لیفٹیرس پیٹرونیاس نے مشعل تھام کر ایک چکر لگایا اور پھر اولمپک پول والٹ چمپئن کیٹرینا سٹیفانیڈی نے ماربل سے تیارکردہ پاناتھی نائیک اسٹیڈیم میں موجود کڑھاؤ کو مشعل سے روشن کیا جہاں 1896 میں ماڈرن اولمپکس کا انعقاد کیا گیا تھا۔اس کے بعد مشعل اولمپکس 2020 کے منتظمین کی نمائندگی کرنے والی تیراک ناؤکو ایموٹو کے حوالے کردی گئی۔واضح رہے کہ یونیسیف کی نمائندہ ناؤکو ایموٹو یونان میں موجودگی کے باعث آخری لمحات میں اس اعزاز کے لائق سمجھی گئیں۔