ٹوکیو۔ جاپان میں کورونا کی چوتھی لہر جاری ہے۔ بڑھتے ہوئے معاملات کے ساتھ یہاں اولمپکس ٹارچ ریلے بھی چل رہا ہے۔ لیکن عوام میں اس متعلق ملے جلے تاثرات پائے جاتے ہیں۔ کاگاوا ضلع میں مشعل کے سفر کے ساتھ سیکیورٹی پرمامور ایک پولیس عہدیدار کا کورونا ٹسٹ مثبت آیا ہے۔ عہدیدار نے ماسک لگارکھا تھا جبکہ اس کا اس دوران کسی کے ساتھ جسمانی رابطہ نہیں ہوا تھا۔ مقامی میڈیا کے مطابق ریلے سے اب تک اس بنا پر دو رنرز، ایک ٹی وی پرسنلٹی اور ایک اولمپئن کو الگ کیا جاچکا ہے۔ ان حالات میں عوامی حلقوں کی جانب سے تشویش ظاہر کی جارہی ہے کہ گیمز کا انعقاد ملک میں وبا کے مزید پھیلائو کا سبب بن سکتا ہے۔ قوی امکان ہے کہ جاپانی حکومت ٹوکیو اور اوساکا میں رواں برس تیسری بار ایمرجنسی نافذ کردے گی۔ تاہم آئی اوسی نے کہا ہے کہ ممکنہ ایمرجنسی کے نفاذ سے اولمپکس کو اثر نہیں پڑے گا۔