گجویل ہاسپٹل کا اچانک معائنہ، سرکاری ہاسپٹل میں ڈیلوریز کا تناسب 22 فیصد بڑھ جانے کا دعویٰ
حیدرآباد۔ 19 جنوری (سیاست نیوز) ریاستی وزیر صحت ٹی ہریش راؤ نے کورونا کی نئی شکل اومی کرون سے خوفزدہ نہ ہونے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ریاست میں اومی کرون کے کیسیس میں اضافہ ہو رہا ہے۔ مگر اس کی شدت ڈیلٹا کے بہ نسبت کم ہے لیکن عوام کو غفلت اور لاپرواہی کا مظاہرہ کرنے کی بھی ضرورت نہیں ہے۔ کورونا سے ریاست کے عوام کو محفوظ رکھنے کیلئے حکومت کی جانب سے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے جارہے ہیں۔ آج گجویل کے سرکاری ہاسپٹل کا ہریش راؤ نے اچانک معائنہ کیا۔ طبی امداد پر مریضوں سے تبادلہ خیال کیا اور ہاسپٹل کے مسائل پر ڈاکٹرس اور دوسرے طبی عملہ کے ساتھ بات چیت کی۔ وزیر صحت نے کہاکہ کورونا کو کنٹرول کرنے کیلئے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے جارہے ہیں۔ چیف منسٹر کے سی آر کی ہدایت پر ریاست میں 2 کروڑ کورونا ٹسٹ کٹس اور ایک کروڑ ہوم آئیسولیشن کٹس کو تیار رکھا گیا ہے۔ حیدرآباد کے تمام طبی مراکز پر کورونا کا علاج کرنے کیلئے تمام تیاریاں کی گئی ہیں، ادویات کا اسٹاک تیار رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کٹس اسکیم متعارف کرانے پر سرکاری ہاسپٹلس میں ڈیلوریز کا تناسب 22 فیصد بڑھ گیا۔ گجویل ہاسپٹل میں ماہانہ 400 ڈیلوریز کیلئے جارہے ہیں۔ انہوں نے گجویل ہاسپٹل کے ڈاکٹرس اور طبی عملہ کی ستائش کی اور ہاسپٹل کے مختلف وارڈس کا معائنہ کیا۔ کورونا ٹسٹ کا جائزہ لیا۔ حاملہ خواتین سے تفصیلی بات چیت کرتے ہوئے انہیں سرکاری ہاسپٹلس میں ڈیلوریز کرانے کا مشورہ دیا۔ ہوم آئیسولیشن کٹس اور ادویات کے اسٹاک کے بارے میں معلومات حاصل کیں اور کہا کہ کورونا سے متاثر ہونے والوں کو ڈرنے گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔ ہوم کٹس میں دیئے جانے والے ادویات کا پابندی سے استعمال کرنے اور ضرورت پڑنے پر سرکاری ہاسپٹلس میں علاج کرانے کا مشورہ دیا اور کہا کہ سرکاری ہاسپٹلس میں بہتر علاج موجود ہے۔ عوام ڈر و خوف میں خانگی ہاسپٹلس پہنچکر محنت کی کمائی ضائع نہ کرلیں۔ کورونا پروٹوکول پر سختی سے عمل آوری کریں۔ن