ریاست میں قلت سے نمٹنے موثر اقدامات، کئی ریاستوں سے آکسیجن کا حصول
حیدرآباد۔ تلنگانہ میں آکسیجن کی قلت سے نمٹنے کیلئے حکومت کی جانب سے کئے گئے اقدامات کے سبب اوڈیشہ سے 200 ٹن آکسیجن کے ساتھ ٹینکرس حیدرآباد واپس ہوئے ہیں۔ ملک میں پہلی مرتبہ ایک منفرد تجربہ کرتے ہوئے کے سی آر حکومت نے فوجی طیارہ کے ذریعہ خالی ٹینکرس کو اوڈیشہ روانہ کیا تھا جو 200 ٹن آکسیجن کے ساتھ دوبارہ فوجی طیارہ میں حیدرآباد واپس ہوگئے۔ 6 دن کی مسافت کو محض 3 دن میں تکمیل کرتے ہوئے تلنگانہ حکومت نے مریضوں کیلئے راحت کا انتظام کیا ہے۔ حکومت کی جانب سے منتقل کی گئی یہ آکسیجن حیدرآباد کے علاوہ ریاست کے دیگر اضلاع میں سرکاری دواخانوں کو سربراہ کی جائے گی۔ بتایا جاتا ہے کہ سرکاری دواخانوں میں فی الوقت ایک ہفتہ کیلئے آکسیجن کا اسٹاک موجود ہے لیکن 200 ٹن کی آمد کے بعد دواخانوں نے اطمینان کا اظہار کیا۔ کیسس میں اضافہ کے نتیجہ میں آکسیجن کی مانگ میں غیر معمولی اضافہ ہوچکا ہے۔ اوڈیشہ کے رورکیلا اور انوگول سے آکسیجن حاصل کرتے ہوئے ٹینکرس حیدرآباد پہنچ گئے۔ ایک ٹینکر ایرہ گڈہ چیسٹ ہاسپٹل، ٹمس اور کنگ کوٹھی دواخانوں کیلئے الاٹ کیا گیا ہے جبکہ دوسرا خانگی دواخانوں کیلئے سربراہی میں کام آئے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ کھمم اور کریم نگر کیلئے بھی زائد آکسیجن سربراہ کی جارہی ہے۔ تلنگانہ حکومت نے اوڈیشہ کے علاوہ آندھرا پردیش، کرناٹک اور ٹاملناڈو سے آکسیجن حاصل کی ہے۔ اس کے علاوہ مرکز سے درخواست کی گئی کہ تلنگانہ کیلئے آکسیجن کا کوٹہ بڑھایا جائے۔ چیف سکریٹری سومیش کمار آکسیجن کی سربراہی کی صورتحال کا وقفہ وقفہ سے اعلیٰ سطحی اجلاس میں جائزہ لے رہے ہیں۔