اوڈیشہ میں ویجلنس ڈپارٹمنٹ کے چھاپے

   

بھونیشور۔ 28 جون (یواین آئی) اوڈیشہ میں ویجلنس ڈپارٹمنٹ کے حکام نے ہفتہ کو آمدنی سے زائد اثاثہ (ڈی اے ) کے معاملہ میں گنجم بلاک کے اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر (اے ای ای) سشیل کمار پانڈا کے سات مقامات پر چھاپہ مار کر کروڑوں کی جائیداد کا پتہ لگایا ہے ۔ ویجلنس ڈپارٹمنٹ کے ذرائع نے بتایا کہ برہم پور میں ویجلنس کے خصوصی جج کی جانب سے جاری کردہ سرچ وارنٹ کی بنیاد پر چھ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹس آف پولیس (ڈی ایس پی)، سات انسپکٹرز اور دیگر معاون عملے کی قیادت میں ایک ٹیم نے چھاپہ ماری کی۔ گنجم اور پوری اضلاع میں پھیلے سات مقامات پر تلاشی لی گئی۔ تلاشی مہم کے دوران ویجلنس ٹیم نے پانڈا اور ان کے خاندان کے افراد کے نام پر کئی جائیدادوں کا انکشاف کیا۔ جائیدادوں میں برہم پور کے رام ہری نگر میں ایک تین منزلہ عمارت، برہم پور کے انکولی میں مکتیشور اپارٹمنٹ میں ایک 2-بی ایچ کے فلیٹ، پوری میں ایک 1-بی ایچ کے فلیٹ، بھونیشور، کھوردھا اور برہم پور میں واقع چھ اعلیٰ قیمت کے پلاٹ اور 2,05,000 روپے کی نقدی شامل ہے ۔