اُدے پور : راجستھان کے اُدے پور میں ایک نوجوان کے قتل کے بعد پیدا شدہ کشیدگی کے پیش نظر سات تھانوں کے علاقوں میں چہارشنبہ کو دوسرے دن بھی کرفیو جاری رہا۔ اس معاملے کے لیے تشکیل دی گئی اسپیشل انویسٹی گیشن ٹیم (ایس آئی ٹی) نے تحقیقات شروع کردی ہے ۔ادے پور کے دھان منڈی، گھنٹگھر، ہاتھی پول، امباماتا، سورج پول، بھوپال پورہ اور سوینا تھانہ علاقوں میں کرفیو جاری ہے اور اس دوران کہیں سے بھی کسی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع نہیں ملی ہے ۔تاہم اس دوران امتحان دینے والوں اور ضروری خدمات کے اہلکاروں کو کرفیو سے استثنیٰ دیا گیا ہے ۔انسپکٹر جنرل آف پولیس (اے ٹی ایس) پرفل کمار کے مطابق ایس آئی ٹی نے ادے پور پہنچ کر تحقیقات شروع کر دی ہے ۔ وہ وحشیانہ قتل سے متعلق تمام پہلوؤں کی چھان بین کرے گی۔بتایا جا رہا ہے کہ اس معاملے کی جانچ کے لیے قومی جانچ ایجنسی (این آئی اے ) کی ٹیم بھی اُدے پور پہنچ گئی ہے ۔اس معاملے کے بعد احتیاط کے لیے اُدے پور سمیت ریاست کے تمام اضلاع میں پولیس چوکسی بڑھا دی گئی ہے اور اُدے پور، جے پور بھیلواڑہ، اجمیر، ناگور انٹر سروس کئی اضلاع میں عارضی طور پر بند کردی گئی ہیں۔