اُمید پورٹل کی میعاد میں توسیع کیلئے کرن رجیجو کو چندرابابو نائیڈو کا مکتوب

   

حیدرآباد 2 ڈسمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھراپردیش این چندرابابو نائیڈو نے مرکزی وزیر پارلیمانی اُمور و اقلیتی بہبود کرن رجیجو کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے اوقافی جائیدادوں کے اپ لوڈ کرنے سے متعلق اُمید پورٹل کی میعاد میں توسیع کی خواہش کی۔ چندرابابو نائیڈو نے اپنے مکتوب میں کہاکہ آندھراپردیش حکومت وقف ترمیمی قانون 2025 پر ریاست میں عمل آوری کے اقدامات کررہی ہے۔ ایسے میں اُمید پورٹل کی میعاد 5 ڈسمبر تک مقرر کئے جانے سے اوقافی جائیدادوں کی تفصیلات کو اپ لوڈ کرنے میں دشواریوں کا سامنا ہے۔ آندھراپردیش میں 4748 رجسٹرڈ اور 10,000 غیر رجسٹرڈ وقف جائیدادیں ہیں۔ حکومت نے تاحال 3100 جائیدادوں کی تفصیلات کو اپ لوڈ کردیا ہے جبکہ پورٹل میں تکنیکی دشواریوں کے نتیجہ میں دیگر جائیدادوں کے اپ لوڈ کرنے میں متولیوں اور اوقافی اداروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ نائیڈو نے کہاکہ 5 ڈسمبر کی مہلت کے نتیجہ میں باقی اوقافی جائیدادوں کی تفصیلات کو اپ لوڈ کرنے میں دشواری پیش آسکتی ہے۔ اُنھوں نے اُمید پورٹل کو مزید 12 ماہ تک توسیع دینے کی خواہش کی تاکہ صد فیصد جائیدادیں اپ لوڈ کی جاسکیں۔ چندرابابو نائیڈو کے نمائندہ کے طور پر نرساراؤ پیٹ ایم پی کرشنا دیورائیلو نے کرن رجیجو سے ملاقات کی اور مکتوب حوالہ کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ کرن رجیجو نے توسیع پر کوئی واضح تیقن دینے سے گریز کیا اور کہاکہ وقف ایکٹ کے تحت جو مہلت دی گئی حکومت اُس کی پابند ہے۔ کرن رجیجو نے آندھراپردیش حکومت کو توسیع کے سلسلہ میں وقف ٹریبونل سے رجوع ہونے کا مشورہ دیا۔1