اُڈیشہ میں 60 ہزار کروڑکے ترقیاتی منصوبوں کا آغاز

   

نئی دہلی، 27 ستمبر (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے آج اُڈیشہ میں60 ہزار کروڑ روپے سے زائد مالیت کے متعدد ترقیاتی منصوبوں کا سنگِ بنیاد رکھا اور افتتاح کیا ۔وزیر اعظم دفتر (پی ایم او) کے مطابق یہ منصوبے ٹیلی مواصلات، ریلوے ، اعلیٰ تعلیم، صحت عامہ، ہنر مندی کے فروغ اور دیہی مکانات سمیت مختلف شعبوں پر مشتمل ہیں۔دیہی رابطہ اور ڈیجیٹل شمولیت کو بڑھانے کے تحت، وزیر اعظم نے تقریباً 97,500 فور جی موبائل ٹاورز کا افتتاح کیا جن پر تقریباً 37 ہزار کروڑ روپے لاگت آئی ہے ۔ یہ ٹاورز مقامی ٹیکنالوجی سے تیار کیے گئے ہیں۔ ان میں سے 92,600 سے زیادہ ٹاورز بی ایس این ایل نے نصب کیے ہیں۔ قابلِ ذکر ہے کہ تقریباً 18,900 ٹاورز ڈیجیٹل بھارت نِدھی کے تحت لگائے جائیں گے۔
جو 26,700 سے زیادہ غیر مربوط گاوؤں کو موبائل کنیکٹیوٹی فراہم کریں گے ۔ یہ دیہات زیادہ تر دور دراز، سرحدی اور نکسل متاثرہ علاقوں میں ہیں۔ یہ شمسی توانائی سے چلنے والے ٹاورز ملک کا سب سے بڑا گرین ٹیلی کام انفراسٹرکچر کلسٹر تشکیل دیں گے ۔وزیر اعظم ریلوے کے کئی منصوبوں کا سنگِ بنیاد بھی رکھیں گے اور انہیں قوم کے نام وقف کریں گے ۔ ان میں سنبل پور-سرلا ریلوے فلائی اوور، کوراپُٹ-بیگُڈا اور مانابار-کوراپُٹ-گورا پور ریلوے لائنوں کو دوہرا کیا جانا بھی شامل ہے ۔ اس کے علاوہ مودی بہرام پور سے اُدھنا (سورت) کے درمیان امرت بھارت ایکسپریس کو بھی ہری جھنڈی دکھائیں گے جس سے بین ریاستی رابطہ مضبوط ہوگا اور سیاحت و روزگار میں اضافہ ہوگا۔