آئندہ 20 دنوں میں 2 لاکھ ڈرائیورس کو ٹیکہ اندازی کا منصوبہ

   

آن لائن رجسٹریشن ضروری، چیف سکریٹری سومیش کمار کا ٹیکہ اندازی مرکز کا دورہ
حیدرآباد : چیف سکریٹری سومیش کمار نے بتایا کہ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں آئندہ 20 دنوں کے دوران ٹیکہ اندازی کی خصوصی مہم کے تحت کورونا وباء کے پھیلاؤ کے امکانی ذمہ دار ہائی رسک گروپ کو ویکسین کی خوراک دی جائے گی۔ محکمہ صحت کے منصوبہ کے مطابق 2 لاکھ آٹو، کیاب، ٹیکسی اور میکسی کیاب ڈرائیورس کو ویکسین کی خوراک دی جائے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ کی ہدایت پر سوپر اسپریڈرس کے لئے خصوصی ٹیکہ اندازی مہم شروع کی گئی ہے۔ یہ وہ گروپس ہیں جو عوام کے درمیان زیادہ موجود رہتے ہیں جس کے نتیجہ میں وائرس کے پھیلنے کا زیادہ اندیشہ رہتا ہے۔ چیف سکریٹری نے راج بھون ہائی اسکول کا دورہ کرتے ہوئے ٹیکہ اندازی مرکز کا معائنہ کیا جہاں پر کیاب، آٹو اور ٹیکسی ڈرائیورس کو ویکسین کی پہلی خوراک دی جارہی ہے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ تمام لائسنس یافتہ ڈرائیورس کو محکمہ ٹرانسپورٹ کی ویب سائیٹ پر اپنا نام رجسٹر کرانا ضروری ہے جس کے بعد موبائیل نمبر پر ایک مسیج موصول ہوگا جس کے تحت تاریخ اور مقام کی نشاندہی کی جائے گی۔ صرف ایسے ڈرائیورس کو ویکسین دی جائے گی جنھیں ڈپارٹمنٹ کی جانب سے فون پر مسیج موصول ہوا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ رجسٹریشن کے لئے Cowin پورٹل سے بھی استفادہ کیا جاسکتا ہے اور ڈرائیورس کو ویکسینیشن سنٹر پہونچنے کی ضرورت نہیں ہے۔ چیف سکریٹری نے ٹرانسپورٹ ڈپارٹمنٹ کے عہدیداروں کو مبارکباد پیش کی جنھوں نے ڈرائیورس کے لئے خصوصی ٹیکہ اندازی کا اہتمام کیا۔ سومیش کمار نے ٹیکہ اندازی مرکز پر کوویڈ قواعد کی عمل آوری کی ستائش کی۔ اِس موقع پر اسپیشل چیف سکریٹری ٹرانسپورٹ سنیل شرما، کمشنر پولیس حیدرآباد انجنی کمار، سکریٹری ہیلت سید علی مرتضیٰ رضوی، ٹرانسپورٹ کمشنر ایم آر ایم راؤ، حیدرآباد کلکٹر سویتا موہنتی و دیگر عہدیدار موجود تھے۔