دو روزہ ٹریڈ یونین ہڑتال اور تعطیلات سے کسٹمرس کیلئے مشکلات
حیدرآباد 19 ستمبر (سیاست نیوز) آئندہ ہفتہ بینک خدمات پانچ دن تک متاثر ہوں گی کیوں کہ ٹریڈ یونینس نے 26 اور 27 ستمبر کو دو روزہ ملک گیر ہڑتال کا اعلان کیا ہے اور اس کے بعد کے دو دن چوتھے ہفتہ اور اتوار کے باعث تعطیل رہے گی۔ 30 ستمبر پیر کو بھی آر بی آئی کی جانب سے اعلان کردہ بینک ہالیڈے تو نہیں ہے لیکن یہ ششماہی کلوزنگ کا دن ہے اور اس میں عوام کے لئے بینک معاملتیں نہیں ہوں گی۔ اس طرح 26 تا 30 ستمبر پانچ دن عوام کے لئے بینکس بند رہیں گے۔ پھر 2 اکٹوبر کو بھی گاندھی جینتی کی قومی تعطیل ہے۔ 29 ستمبر کو چھوڑ کر جو اتوار کا دن ہے ان چار دنوں میں بینک کے کام متاثر ہوں گے جس میں رقم ڈپازٹس، ایمپلائیز کے لئے سیلری کریڈٹ، کیش ٹرانسفر شامل ہیں جس کے نتیجہ میں کسٹمرس کو مشکلات ہوں گی۔ یونینس کی جانب سے مرکزی وزیر فینانس نرملا سیتارامن کی جانب سے عوامی شعبہ کے بینکس کو ضم کرنے سے متعلق کئے گئے اعلان کے بعد جاب سے محرومی کے اندیشے کے تحت یہ احتجاج کیا جارہا ہے۔