آئی او سی سے اولمپک انعقادکا جائزہ لینے کا مطالبہ

   

Ferty9 Clinic

جاپان اولمپک کمیٹی کی کو 27 مارچ کی بورڈ میٹنگ میں مسئلہ پر غور کا امکان

نئی دہلی۔22 مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) ٹوکیو اولمپک مقررہ وقت پر کرانے پر آمادہ بین الاقوامی اولمپک کمیٹی (آئی او سی) سے اپنے فیصلے کا جائزہ لینے کی کوشش کی گئی ہے۔ٹوکیو اولمپک 24 جولائی سے نو اگست تک منعقد ہونا ہے۔آئی او سی اور جاپان نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے خطرے کے باوجود اولمپک طے وقت پر منعقد ہونا ہے۔لیکن اسپورٹس اینڈ رائٹس الائنس اور ورلڈ پلئیر ایسوسی ایشن نے آئی او سی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنے فیصلے کا جائزہ لے اور ساتھ ہی اس مسئلے کے بارے میں کھلاڑیوں سے بات کرے۔دنیا کے 168 ممالک میں پھیل چکے کورونا وائرس’ کا قہر تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے اور اب تک اس خطرناک وائرس سے 11،248 لوگوں کی موت ہو چکی ہے جبکہ قریب 269،482 لوگ اس سے متاثرہ ہوئے ہیں۔ کورونا کی وجہ سے دنیا بھر میں تمام کھیل مقابلے یا تو آگے کی تاریخ کے لئے ملتوی کئے جا چکے ہیں یا پھر منسوخ کر دئے گئے ہیں۔ایک طرف جہاں یہ مطالبہ کیا جارہا ہے کہ اولمپک ملتوی کیا جائے تو دوسری طرف ٹوکیو اولمپک کی مشعل جمعہ کو جاپان پہنچ گئی۔اولمپک مشعل کو ایتھنز سے لے کر ایک چارٹرڈ طیارہ ٹوکیو 2020 گو متسوشما میاگی واقع جاپان کے فضائیہ اڈے پر پہنچا۔ورلڈ پلئیر ایسوسی ایشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر برینڈن شواب نے کہا کہ آئی او سی کو اولمپک طے وقت پر کرانے کا فیصلہ کرنے سے پہلے کھلاڑیوں کے ساتھ اور بات چیت کرنا چاہئے۔ شواب نے ایک بیان میں کہاکہ دنیا اس وقت ایک وبا کی گرفت میں ہے اور اولمپک جیسے بڑے کھیل ایوینٹ کے انعقاد پر نظر ثانی کی ضرورت ہے۔ خطرہ مسلسل بڑھ ہی رہا ہے اور بات چیت میں کھلاڑیوں کے نمائندوں کو شامل کیا جانا چاہئے۔ ٹوکیو اولمپک کے لئے کووالیفکیشن ابھی مکمل نہیں ہوئے ہیں اور ان میں سے زیادہ تر ملتوی کر دیے گئے ہیں۔ جاپان کے شہر ٹوکیو کو 11 ہزار کے قریب کھلاڑیوں کی میزبانی کرنی ہے اور 50 فیصد سے زیادہ کھلاڑی ان کھیلوں کے لئے کوالیفائی کر چکے ہیں۔ وارڈن نے کہاکہ یہ خطرناک وائرس لوگوں کی صحت، لوگو ں کے حقوق، روزگار اور کیریئر پر گہرا اثر ڈال رہا ہے اور اس نے ساتھ ہی ان کروڑوں لوگوں کو بھی متاثر کیا ہے جن کی زندگی کھیل کی صنعت پر منحصر ہے۔ کھیل اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ کھلاڑیوں کے لئے ایسا ماحول یقینی بنائیں جہاں خطرہ نہ کے برابر ہو۔ جاپان اولمپک کمیٹی کی بورڈ رکن اور یاماگوچی نے بھی کہا ہے کہ اولمپک کھیلوں کو ملتوی کر دیا جانا چاہئے کیونکہ کورونا وائرس کے خطرے کی وجہ سے کھلاڑی اپنی پوری تیاری نہیں کر پائیں گے۔ آئی او سی کے ایک رکن نے بھی اولمپک کرانے کی ضد کو غیر ذمہ دارانہ قرار دیا ہے جبکہ بہت سے کھلاڑیوں کا کہنا ہے آئی او سی کا فیصلہ کھلاڑیوں کو خطرے میں ڈالے گا۔یاماگوچی نے کہاکہ آئی او سی کا اولمپک منعقد کرنے پر آمادہ رہنا کھلاڑیوں کو خطرے میں ڈال دے گا۔ میں اس معاملے کو 27 مارچ کو جاپان اولمپک کمیٹی کی بورڈ میٹنگ میں اٹھاؤں گا۔ میں امریکہ اور یورپ سے آنے والی خبروں کو دیکھ رہی ہوں جس سے پتہ چلتا ہے کہ کھلاڑی اپنی عام ٹریننگ تک نہیں کر پا رہے ہیں۔ آئی او سی کی رکن ہیلی نے کھیل کو جاری رکھنے کے فیصلے کو بے حس اور غیر ذمہ دارانہ قرار دیا ہے۔ ہیلی نے کہاکہ یہ بحران بہت بڑا ہے۔ اگر ہم کھیلوں کو شیڈول کے مطابق منعقد کرتے ہیں تو ہم اس خطرناک وائرس کے خطرے کو مکمل طور پر نظر انداز کر رہے ہیں۔ کھلاڑی ٹریننگ نہیں کر پا رہے ہیں، سفر کرنا مشکل ہے اور مارکیٹوں اور اسپانسرز کی حالت خراب ہے۔ انسانیت کی موجودہ خراب حالت کو دیکھتے ہوئے اولمپکس کرانا صحیح فیصلہ نہیں ہو گا۔ موجودہ اولمپک پول والٹ چمپئن کیٹرینہ اسٹیفانڈی سمیت کئی کھلاڑیوں نے کہا کہ آئی او سی کا فیصلہ کھلاڑیوں کی صحت کو خطرے میں ڈال رہا ہے۔