آئی آر سی ٹی سی معاملہ:لالو ،رابڑی اور تیجسوی کو ضمانت

,

   

نئی دہلی،28جنوری(سیاست ڈاٹ کام)دہلی کی ایک خصوصی عدالت نے بہار کے سابق وزیراعلی لالو پرساد یادو،اہلیہ رابڑی دیوی اور ان کے چھوٹے بیٹے تیجسوی یادو کو منی لانڈرنگ قانون کے التزام کے تحت انڈین ریلوے کیٹرنگ اور سیاحت کارپوریشن (آئی آر سی ٹی سی)سے جڑے معاملے میں پیر کو باضابطہ ضمانت دے دی۔مرکزی تحقیقاتی بیورو(سی بی آئی)کے جج ارون بھاردواج نے دسمبر میں آئی آر سی ٹی سی گھپلہ معاملے میں بہار کے سابق وزیراعلی لالو پرساد یادو سمیت 20لوگوں کو عبوری ضمانت دے دی تھی اور بعد میں عبوری ضمانت کی مدت 28جنوری تک بڑھا دی تھی۔انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے مسٹر یادو،محترمہ رابڑی دیوی اور مسٹر تیجسوی یادو کے خلاف منی لانڈرنگ قانون کے تحت معاملہ درج کیاگیا تھا۔سی بی آئی نے گزشتہ سال جولائی میں مسٹر لالو پرساد یادو،محترمہ رابڑی دیوی،تیجسوی یادو اور سابق مرکزی وزیر پریم چند گپتا کی اہلیہ سرلا گپتا ،سجاتا ہوٹل کے ڈائیریکٹر اور چانکیا ہوٹل کے مالک وجے اور ونے کوچر،ڈلائٹ مارکیٹنگ کمپنی ،جو اب لارا پروجیکٹس کے نام سے جانی جاتی ہے اور آئی آر سی ٹی سی کے مارکٹنگ ڈائریکٹر پی کے گوئل کے خلاف معاملہ درج کرایا ۔سی بی آئی نے الزام لگایا تھا کہ راشٹریہ جنتا دل کے سربراہ نے کوچر کو غلط طریقے سے فائدہ پہنچانے کے لئے اپنے سرکاری عہدے کا غلط استعمال کیاتھا۔سی بی آئی نے 16اپریل 2018 کو عدالت کے سامنے چارج شیٹ داخل کی اور کہا کہ ایک پرائیویٹ کمپنی کو دو آئی آرسی ٹی سی ہوٹلوں کو چلانے کے کانٹریکٹ دینے میں مبینہ طورپر بے ضابطگیوں سے متعلق معاملوں میں لالو خاندان اور دیگر ملزمین کے خلاف مناسب ثبوت پیش کئے ہیں۔سی بی آئی نے الزام لگایا کہ مسٹر لالو پرساد یادو جب ریلوے کے وزیر تھے ،انہوں نے آئی آر سی ٹی سی کے ذریعہ رانچی اورپوری میں ریلوے کے دو ہوٹلوں کے رکھ رکھاو کا ذمہ سجاتا ہوٹل کودیا تھا۔اس کے بدلے ونے اور وجے کوچر کو ایک بے نامی کمپنی ڈیلائٹ مارکٹنگ کمپنی کے ذریعہ پٹنہ میں اچھی جگہ پر تین ایکڑ کی زمین کا ٹکڑا الاٹ کیا گیا تھا۔سجاتا ہوٹل کو جب ریلوے کے ہوٹلوں کو ٹینڈر دیاگیا،تو ڈیلائٹ مارکٹنگ کمپنی کا اختیار 2010سے 2014 کے درمیان سرلا گپتا کے بجائے محترمہ رابڑی دیوی اور مسٹر تیجسوی یادو کے پاس تھا۔جسٹس بھاردواج نے سرکاری وکیل اور استغاثہ کی سماعت کے بعد لالو خاندان اور دیگر ملزمین کو بڑی راحت دی ہے ۔عدالت نے تینوں کو ایک ایک لاکھ روپے کے ذاتی مچلکے پر ضمانت دے دی ہے ۔معاملے کی اگلی سماعت 11فروری کو ہوگی۔