آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ سوپر لیگ کا باضابطہ اعلان

   

ابوظہبی : آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ کا باضابطہ اعلان ہو گیا ،13 ممالک کی ٹیمیں کھیلیں گی جن میں سے ٹاپ 7 ٹیمیں براہ راست ورلڈ کپ 2023ء کے لیے کوالیفائی کر جائیں گی۔ورلڈ کپ سپر لیگ میں ہر ٹیم تین تین ون ڈے میچز پر مشتمل چار ہوم اور چار اووے سیریز کھیلے گی ، اگلی آئی سی سی بورڈ میٹنگ کے بعد ورلڈ کپ سپرلیگ کے میچز کا شیڈول جاری کیا جائے گا۔آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ کا پہلا معرکہ 30 جولائی کو انگلینڈ، آئرلینڈ کے درمیان ہوگا۔آئی سی سی کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ 2023ء کوالیفائنگ راؤنڈ کو سپرلیگ کا نام شائقین کی توجہ حاصل کرنے کیلئے دیا گیا ہے۔ورلڈ کپ کی دفاعی چیمپئن ٹیم انگلینڈ کے کپتان ایون مورگن کا کہنا ہے کہ وہ آئی سی سی مینز ورلڈ کپ سپر لیگ کے منتظر ہیں ، ورلڈ کپ کے اگلے ایڈیشن کے سفر کا آغاز خوش آئند ہے۔اس سے قبل آئی سی سی ‘ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ’ کا اعلان کر چکی ہے۔ چیمپئن شپ کا آغاز یکم اگست 2019 سے ہو چکا ہے جو آئندہ دو برسوں تک جاری رہے گی۔چیمپئن شپ کے دوران دنیا کی نو سرِ فہرست ٹیموں کے درمیان 71 ٹیسٹ میچز پر مشتمل 27 سیریز جاری ہیں۔ ان ٹیموں میں آسٹریلیا، بنگلہ دیش، انگلینڈ، ہندوستان، نیوزی لینڈ، پاکستان، جنوبی افریقہ، سری لنکا اور ویسٹ انڈیز شامل ہیں۔آئی سی سی کرکٹ آپریشنز کے جنرل منیجر جیوف الارڈیس کا کہنا ہے کہ ہمیں خوشی ہے کہ آئی سی سی ‘ورلڈ کپ سپر لیگ’ کا آغاز ورلڈ چیمپئن انگلینڈ اور آئرلینڈ کے درمیان مقابلے سے ہو رہا ہے۔اْن کا کہنا تھا کہ لیگ کی بدولت اگلے تین برسوں کے دوران کھلاڑیوں کی صلاحیتوں میں مزید نکھار آئے گا۔جیوف کا مزید کہنا تھا کہ سپر لیگ دنیا بھر کے کرکٹ شائقین کی دلچسپی کا سبب ہو گی کیوں کہ لیگ کرکٹ اب دنیا بھر میں ذوق و شوق سے دیکھی جاتی ہے۔ واضح رہے کہ عالمی کپ اکتوبر نومبر 2023 میں انڈیا میں منعقد ہوگا۔یہ لیگ مئی میں شروع ہونے والی تھی لیکن کورونا کی صورتحال کے پیش نظر اسے مؤخر کر دیا گیا تھا۔ اب اس لیگ کا باقاعدہ آغاز 30 جولائی کو ورلڈ چیمپئن انگلینڈ اور آئرلینڈ کے درمیان ون ڈے سیریز سے ہوگا۔یاد رہے کہ کووڈ 19 کی وجہ سے بین الاقوامی کرکٹ کے متاثر ہونے کے بعد یہ پچاس اوورز پر مشتمل پہلی ون ڈے سیریز بھی ہے۔لیگ میں پہلی سات پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیمیں ورلڈ کپ میں براہ راست کھیلنے کی اہل ہوں گی۔ انڈیا کو میزبان ہونے کے ناتے پہلے ہی عالمی کپ کھیلنے کا استحقاق حاصل ہوچکا ہے۔سپر لیگ میں ہر ٹیم کو تین ون ڈے انٹرنیشنل میچوں پر مشتمل آٹھ ون ڈے سیریز کھیلنی ہوں گی جن میں چار سیریز وہ اپنے ملک میں کھیلے گی جبکہ چار وہ اپنے ملک سے باہر کھیلے گی۔2023 کے عالمی کپ میں مجموعی طور پر دس ٹیموں نے شرکت کرنی ہے۔ سات ٹیموں کے براہ راست کوالیفائی کر جانے کے بعد بچ جانے والی چھ ٹیمیں ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ میں حصہ لیں گی جن میں مزید دو ٹیمیں شامل ہوں گی۔اس ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ سے جو 2022 میں کھیلا جائے گا صرف دو ٹیموں نے عالمی کپ میں جگہ بنانی ہے۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل پہلی بار منعقد ہونے والی اس ون ڈے انٹرنیشنل سپر لیگ کے سلسلے میں بہت پرجوش دکھائی دے رہی ہے۔آئی سی سی کا خیال ہے کہ چونکہ اس لیگ میں ورلڈ کپ کا کوالیفائنگ عمل موجود ہے لہذا تمام ٹیموں اور شائقین کی اس میں بھرپور دلچسپی موجود رہے گی۔آئی سی سی کا یہ بھی خیال ہے کہ ورلڈ کپ کی تاریخوں کو آگے بڑھانے سے بھی میچوں کے شیڈول کو ازسرنو ترتیب دینے کا زیادہ وقت مل جائے گا۔