آئی سیٹ کا شیڈول جاری، 3 اپریل کو نوٹیفکیشن

   

حیدرآباد۔ تلنگانہ اسٹیٹ انٹیگریٹیڈ کامن انٹرنس ٹسٹ
(TSICET)
کا اگسٹ 2021 میں انعقاد عمل میں آئے گا جو ریاست کے تمام کالجس میں ایم بی اے اور ایم سی اے کورسیس میں داخلے کے لئے ہوگا۔ اس کا اعلامیہ 3 اپریل کو جاری کیا جائے گا۔ کامن انٹرنس ٹسٹ کی پہلی سی ای ٹی کمیٹی کا آج اجلاس منعقد ہوا جس میں انٹرنس امتحان کے شیڈول کو قطعیت دی گئی ۔ 7 اپریل سے آن لائن درخواست فارم داخل کئے جاسکیں گے اور بغیر دیرینہ فیس 15 جون تک نام رجسٹر کروائے جاسکتے ہیں۔ دیرینہ فیس 250 روپئے کے ساتھ 30 جون اور 500 روپئے کے ساتھ15 جولائی تک نام کا رجسٹریشن کروانے کی سہولت ہوگی جبکہ ایک ہزار روپئے دیرینہ فیس کے ساتھ30 جولائی تک درخواستیں قبول کی جائیں گی۔ رجسٹریشن فیس 650 روپئے ہے جبکہ ایس سی ؍ ایس ٹی اور جسمانی معذورین کے لئے فیس 450 روپئے مقرر کی گئی ہے۔ کنوینر پروفیسر کے راجی ریڈی نے بتایا کہ کمپیوٹر پر مبنی ٹسٹ تلنگانہ و آندھرا پردیش کے 14 مراکز پر منعقد کئے جائیں گے۔ پہلے دن ٹسٹ کے اوقات صبح 10 بجے تا 12:30 بجے دن اور 2:30 بجے دن تا 5 بجے شام ہوں گے جبکہ دوسرے دن اوقات صبح 10 تا12:30 بجے دن ہوں گے۔