پٹنہ:اتر پردیش میں یوگی حکومت کے ذریعہ آبادی کنٹرول قانون لانے کی کوششوں کے بعد بہار کی سیاست میں بھی گرمی پیدا ہوتی ہوئی نظر آ رہی ہے۔ بہار میں اس قانون کو لے کر برسراقتدار این ڈی اے میں بھی نااتفاقی دیکھنے کو مل رہی ہے، جب کہ جنتا دل یو لیڈروں کی آوازیں بھی اس سلسلے میں ایک دوسرے سے الگ الگ ہیں۔بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے آبادی کنٹرول کو لے کر پیر کے روز اپنا نظریہ بیان کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس کے لیے قانون لانا ضروری نہیں۔ انھوں نے کہا تھا کہ ’’آبادی کنٹرول کے لیے قانون لانے سے بہت زیادہ فائدہ نہیں ہونے والا۔ اس کے لیے خواتین کو خواندہ اور بیدار کرنا ضروری ہے۔‘‘