اترپردیش اسمبلی الیکشن 2022 سے پہلے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان الزام تراشیوں کا دور جاری ہے۔ سماج وادی پارٹی کے سپریمو اور ریاست کے سابق وزیر اعلی اکھلیش یادو نے یوپی کی یوگی حکومت کو کئی معاملے پر نشانہ بنایا۔ انہوں نے موجودہ وقت کو ’آدھی کمائی ،دوگنی مہنگائی‘ کا دورقرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام کے لیے صرف مشکلات اور پریشانیاں لے کر آئی ہے۔ایس پی سپریمو نے عوام کو لکھے ایک خط میں کہاکہ آدھی کمائی، دوگنی مہنگائی کے اس دور میں غریب اور استحصال زدہ طبقہ نہیں بلکہ سڑک پر آنے والے مزدور، ہنر مند اور نیم ہنر مند مزدور اور ہنر مند کاریگر، تعلیم یافتہ بے روزگار، معیشت کی خستہ حالی کی وجہ سے نوکری سے نکالے گئے، چھوٹے تاجر اور کسان سبھی پریشان ہیں۔ دراصل جب سے یہ حکومت آئی ہے، اس نے عوام کی مزید پریشانیوں میں اضافہ کیا ہے۔ سابق وزیر اعلیٰ نے یوم جمہوریہ کے دن ٹویٹر پر یہ خط شیئر کیا۔
