آر ایس ایس و بی جے پی کے نفرت انگیز نظریہ کو شکست دینا ہی عظیم قربانی

,

   

تقسیم، انتشار پسندی اور گھمنڈ کیخلاف جدوجہد میں کوئی عمل چھوٹا نہیں، لڑائی جیت کر رہیں گے، سی ڈبلیو سی سے راہول گاندھی کا خطاب

احمدآباد 12 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے آج کہاکہ آر ایس ایس اور بی جے پی کے فاشیزم کے نظریہ، نفرت، گھمنڈ، برہمی اور انتشار پسندی کو شکست دینے سے عظیم اور کوئی دوسری قربانی نہیں ہوسکتی۔ سردار پٹیل کی قومی یادگار کے قریب کانگریس ورکنگ کمیٹی کے کلیدی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے راہول گاندھی نے نفرت پھیلانے والی طاقتوں کے خلاف مقابلہ کرنے کانگریس کے عزم و عہد کا اعادہ کیا۔ راہول گاندھی نے اس موقع پر ٹوئیٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’گاندھی جی کے تاریخی دنڈی مارچ کی سالانہ یاد کے موقع پر کانگریس ورکنگ کمیٹی احمدآباد میں منعقدہ اپنے اجلاس میں بی جے پی ؍ آر ایس ایس کے فاشیزم پر مبنی نظریہ، نفرت، گھمنڈ اور انتشار پسندی کو شکست دینے کا عہد کرتی ہے۔ کیوں کہ اس سے عظیم اور کوئی قربانی نہیں ہوسکتی اور نہ ہی اس جدوجہد میں کوئی عمل چھوٹا یا معمولی ہوسکتا ہے۔ یہ لڑائی بہرحال جیتی جائے گی‘۔ کانگریس کے صدر راہول گاندھی اور یو پی اے کی صدرنشین سونیا گاندھی کی قیادت میں اس پارٹی کے اعلیٰ ترین پالیسی ساز ادارہ کانگریس ورکنگ کمیٹی کا کلیدی اجلاس یہاں شروع ہوا جس میں پارٹی کی اعلیٰ قیادت انتخابات سے متعلق کلیدی فیصلے کررہی ہے۔ کانگریس نے سابرمتی آشرم میں مہاتما گاندھی کو پُراثر خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے اپنی مصروفیات کا آغاز کیا۔

یہ بھی اتفاق ہے کہ آج ہی مہاتما گاندھی کے تاریخی ڈانڈی مارچ کی سالانہ یاد بھی منائی جارہی ہے۔ مہاتما گاندھی نے سابرمتی آشرم سے 12 مارچ 1930 ء کو ڈاڈی مارچ کا آغاز کیا تھا۔ پرینکا گاندھی کے لئے کانگریس لیڈر کی حیثیت سے یہ پہلا باضابطہ اجلاس تھا جنھیں حال ہی میں کانگریس کی جنرل سکریٹری اور اترپردیش میں تنظیمی اُمور کی انچارج مقرر کیا گیا ہے۔ کانگریس کے مطابق کانگریس کے صدر راہول گاندھی کو مختلف ریاستوں میں مقامی جماعتوں کے ساتھ انتخابی مفاہمہت پر فیصلہ کرنے کا اختیار دیا جائے گا تاکہ اپوزیشن کے متحدہ مقابلہ کے ذریعہ حکمراں بی جے پی کی شکست کو یقینی بنایا جاسکے۔ کانگریس ورکنگ کمیٹی کے ایک روزہ اجلاس کو اس لئے بھی نمایاں اہمیت حاصل ہوگئی ہے کہ اب لوک سبھا انتخابات کے شیڈول کے اعلان کے لئے بمشکل دو دن باقی رہ گئے ہیں۔ گجرات میں کانگریس ورکنگ کمیٹی کا اجلاس 50 سال کے وقفہ کے بعد منعقد ہوا ہے۔ اس سے قبل 1961 ء میں بھاؤ نگر میں سی ڈبلیو سی کا اجلاس منعقد ہوا تھا۔ احمدآباد میں آج منعقدہ اجلاس میں راہول گاندھی، سونیا گاندھی، سابق وزیراعظم منموہن سنگھ اور دیگر کئی سینئر قائدین نے شرکت کی۔ اجلاس میں معاشی و زرعی بحران، بیروزگاری، قومی سلامتی اور خواتین کے تحفظ و سلامتی جیسے کئی مسائل پر مودی اور ان کی حکومت کو نشانہ بنایا گیا۔