اتم کمار ریڈی کا احتجاج، کورکمیٹی کا اجلاس، گاندھی بھون سے آج ریالی کا فیصلہ
حیدرآباد۔ 27 ڈسمبر (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے کل 28 ڈسمبر کو یوم تاسیس کے سلسلہ میں ریالی کی اجازت نہ دیئے جانے پر شدید احتجاج کیا اور پولیس اور حکومت سے سوال کیا کہ جب آر ایس ایس کو سڑک پر پریڈ کی اجازت دی جاسکتی ہے تو کانگریس کو ریالی کی اجازت کیوں نہیں دی جاسکتی۔ پردیش کانگریس کی کور کمیٹی کا آج گاندھی بھون میں اجلاس میں منعقد ہوا جس میں پولیس کی جانب سے اجازت سے انکار کا جائزہ لیتے ہوئے یوم تاسیس کے پروگرام کو قطعیت دی گئی ۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ حیدرآباد میں مصروف ترین سڑکوں کو ٹریفک سے پاک کرتے ہوئے آر ایس ایس کو ریالی کی اجازت کس طرح دی گئی۔ اتم کمار ریڈی نے آر ایس ایس ریالی کی ویڈیو پاور پوائنٹ پریزنٹیشن کے ذریعہ میڈیا کے روبرو پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ موہن بھاگوت جنہوں نے 130 کروڑ ہندوستانیوں کو ہندو قرار دیتے ہوئے غیر دستوری بیان دیا ہے۔ انہیں ریالی کی اجازت دی گئی۔ کانگریس ترنگا یاترا دیش بچائو اور دستور بچائو ریالی نکالا چاہتی ہے لیکن پولیس نے اجازت سے انکار کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کسی کو زحمت دیئے بغیر جلسہ عام منعقد کرنا چاہتی ہے لیکن پولیس اجازت کے لیے تیار نہیں ہے۔ اتم کمار ریڈی نے بتایا کہ 28 ڈسمبر کو کانگریس کا 135 واں یوم تاسیس ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں انڈین پولیس سرویس نہیں بلکہ کلواکنٹلا پولیس سرویس چل رہی ہے۔ کے سی آر جو بھی اجازت دیں پولیس اسی پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے لاٹھیوں کے ذریعہ خوف و دہشت کا ماحول پیدا کرنے کے لیے کوشش کی اور پولیس نے اس معاملہ میں ان کی مدد کی۔ سابق رکن راجیہ سبھا ہنمنت رائو نے کہا کہ مرکزی حکومت کی پالیسیوں کے خلاف ملک بھر میں ریالیوں کا اہتمام کیا جارہا ہے لیکن ٹریفک مسائل کا بہانہ بناکر پولیس نے اجازت سے انکار کیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کارکن آر ایس ایس کی طرح لاٹھیوں کے ساتھ پریڈ کرنے والے نہیں ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ چیف منسٹر نے نظام آباد میں مجلس کو ریالی کی اجازت کس طرح دی ہے۔ حالانکہ وہاں انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ ہے۔ ہنمنت رائو نے کہا کہ ڈاکٹر بی آر امبیڈکر سے کے سی آر کو الیرجی ہے لہٰذا مجسمہ کی تنصیب کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیا امبیڈکر دیش دروہی تھے کہ ان کا مجسمہ نہیں لگایا جاسکتا؟ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کے سی آر نے مجلس اور بی جے پی سے خفیہ مفاہمت کرلی ہے۔ ہندوستان صرف ہندوئوں کا ملک نہیں بلکہ تمام مذاہب کے مانے والوں کا ملک پر حق ہے اور ہندوستان سکیولر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس احتجاجی گرفتاریوں کی تیاری کررہی ہے۔ ہنمنت رائو نے کہا کہ آر ایس ایس کو جس طرح اجازت دی گئی کانگریس کو بھی ریالی کی اجازت دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کی اجازت نہ ملنے کے باوجود کانگریس پارٹی ریالی منظم کرے گی۔ کور کمیٹی کے اجلاس میں سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا، سابق قائد اپوزیشن محمد علی شبیر، اے آئی سی سی سکریٹریز بوس راجو، ومشی چند ریڈی، ورکنگ پریسیڈنٹ کسم کمار، پونم پربھاکر اور دوسروں نے شرکت کی۔