ریزرو بینک آف انڈیا نے شرح سود میں تخفیف کا بڑا اعلان کیا ہے ۔ ایم پی سی میٹنگ میں ریپو ریٹ 0.25 فیصد کم کرکے 5.15 کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ اس فیصلہ کے بعد عام لوگوں کیلئے بینک سے قرض لینا سستا ہوجائے گا ۔ ساتھ ہی ساتھ ای ایم آئی بھی کم ہونے کی امید بڑھ گئی ہے ۔ ایکسپرٹس کا کہنا ہے کہ مہنگائی کی شرح آر بی آئی کے مقررہ دائرے میں آتی ہے ، ایسے میں معیشت کو رفتار دینے کیلئے ریپو ریٹ کم کئے جانے کی امید پہلے سے ہی کی جارہی تھی ۔ آپ کو بتادیں کہ آر بی آئی نے اگست پالیسی میں شرح سود میں 0.35 فیصد کی کٹوتی کی تھی ۔
اس مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں جی ڈی پی کی شرح ترقی پانچ فیصد پر آگئی تھی ۔ یہ گزشتہ چھ سال میں سب سے کمترین سطح ہے ۔ وہیں آر بی آئی اس سال مسلسل چار مرتبہ ریپو ریٹ میں تخفیف کرچکا ہے ۔ ان چار مرتبہ میں مجموعی طور پر 1.10 فیصد کی تخفیف ریپو ریٹ میں ہوچکی ہے ۔
غور طلب ہے کہ جس شرح سود پر آر بی آئی کمرشیل بینکوں اور دیگر بینکوں کو قرض دیتا ہے اس کو ریپو ریٹ کہتے ہیں ۔ ریپو ریٹ کم ہونے کا مطلب یہ ہے کہ بینک سے ملنے والے قرض سستے ہوجائیں گے ۔ ریپو ریٹ کم ہونے سے ہوم لون ، وہیکل لون وغیرہ سبھی سستے ہوجاتے ہیں۔