آر ٹی سی ملازمین پست ہمتی کا شکار نہ ہوں: مندا کرشنا مادیگا

   

عوام کی تائید آر ٹی سی ملازمین کے ساتھ، کے سی آر حکومت پر تنقید
حیدرآباد۔ 15 نومبر (سیاست نیوز) ایم آر پی ایس کے صدر مندا کرشنا مادیگا نے آر ٹی سی ملازمین جے اے سی کی ستائش کی جنہوں نے ہڑتال کی یکسوئی کے لیے اپنے اہم مطالبہ کو عارضی طور پر واپس لے لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کو آر ٹی سی کے تحفظ سے کوئی دلچسپی نہیں ہے جبکہ آر ٹی سی ملازمین اپنی بہتر خدمات کے ذریعہ ادارے کو نقصانات سے بچانا چاہتے ہیں۔ آر ٹی سی ملازمین کے اتحاد اور یکجہتی کی ستائش کرتے ہوئے مندا کرشنا مادیگا نے کہا کہ تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے باوجود معاشی مسائل کا شکار ہوکر بھی ملازمین اپنے جائز حقوق کے لیے جدوجہد کررہے ہیں۔ انہوں نے ملازمین کو مشورہ دیا کہ وہ پست ہمت اور حوصلہ شکن نہ ہوں کیوں کہ ریاست کے عوام کی تائید ان کے ساتھ ہے۔ مندا کرشنا مادیگا نے ریمارک کیا کہ کے سی آر کی حکمرانی سے آندھرائی حکمران کرن کمار ریڈی کی حکمرانی بہتر تھی۔ کے سی آر نے تلنگانہ کو خوشحال ریاست میں تبدیل کرنے کا عہد کیا تھا لیکن عوام کو مسائل سے دوچار کردیا گیا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ہڑتال کو ناکام بنانے کے لیے کے سی آر پہلے دن سے مختلف سازشیں کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کے غیر محسوب اثاثہ جات کے تحفظ میں بی جے پی مدد کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آر ٹی سی کی ہڑتال عوامی جدوجہد میں تبدیل ہوچکی ہے اور آنے والے دنوں میں تمام سیاسی جماعتیں اور عوامی تنظیمیں متحد ہوکر حکومت کے خلاف جدوجہد کریں گی اور سیاسی تبدیلیوں کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آر ٹی سی ملازمین کی تائید میں وہ دو دن تک بھوک ہڑتال کے لیے تیار ہیں۔