آر ٹی سی کو خانگیانے کے ذریعہ اثاثہ جات کی تقسیم کا الزام

   

حضورنگر میں مادیگا طبقہ چیف منسٹر کے خلاف احتجاج کرے گا، کانگریس ترجمان ستیش مادیگا کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔ 16 اکٹوبر (سیاست نیوز) پردیش کانگریس کمیٹی کے ترجمان ستیش مادیگا نے الزام عائد کیا کہ آر ٹی سی کو خانگیانے کے ذریعہ چیف منسٹر آر ٹی سی کے اثاثہ جات پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ستیش مادیگا نے کہا کہ تاریخ شاہد ہے کہ جدوجہد میں حصہ لینے والوں نے اپنے اثاثہ جات کو قربان کردیا تاہم تلنگانہ تحریک میں حصہ لینے والوں کو اثاثہ جات حاصل ہوئے۔ کے سی آر جنہوں نے تلنگانہ تحریک کی قیادت کی تھی، وہ غیر محسوب اثاثہ جات کے مالک ہوگئے۔ تلنگانہ تحریک کے دوران کے سی آر نے فارم ہائوز کی زمین خریدی اور کروڑہا روپئے کی معاملت کی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ تحریک کے دوران کے سی آر کے ارکان خاندان نے فوائد حاصل کئے اور ایک مخصوص طبقے کو تحریک سے فائدہ ہوا۔ انہوں نے کے سی آر پر ڈکٹیٹرشپ کے انداز میں حکومت چلانے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ عوامی مسائل کے سلسلہ میں کے سی آر کا رویہ ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی وعدوں کی تکمیل میں ناکام کے سی آر ، آر ٹی سی ملازمین کی ہڑتال کے بارے میں نامناسب رویہ اختیار کیئے ہوئے ہیں۔ کے سی آر موجودہ وقت کے ہٹلر کی طرح حکمرانی کررہے ہیں۔ ٹی آر ایس کے برسر اقتدار آنے کے بعد مواضعات میں اعلی طبقات کے تسلط میں اضافہ ہوچکا ہے۔ انہوں نے مادیگا طبقے کے ساتھ ناانصافی کی شکایت کی اور کہا کہ ریاستی کابینہ میں مادیگا طبقے کو ایک بھی وزارت نہیں دی گئی۔ تلنگانہ ریاست کے قیام کے بعد صرف یلما طبقے کو فائدہ ہوا ہے اور کے سی آر اسی طبقے کی بھلائی پر توجہ مرکوز کرچکے ہیں۔ انہوں نے آر ٹی سی ہڑتال کی تائید کی اور کہا کہ عوام کی تائید سے ہڑتال میں شدت پیدا ہوچکی ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ چیف منسٹر کس صورت سے حضور نگر میں انتخابی مہم کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ حضورنگر میں مادیگا طبقہ کے سی آر کے دورے کی مخالفت کرتے ہوئے احتجاج منظم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کو اقتدار سے بے داخل کرنے تک مادیگا دنڈورا کی جدوجہد جاری رہے گی۔ ستیش مادیگا نے بی جے پی اور ٹی آر ایس میں مفاہمت کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ دونوں کے درمیان لڑائی فرضی ہے۔