آر ٹی سی ہڑتال کی یکسوئی کیلئے بی جے پی صدر ڈاکٹر لکشمن مداخلت کریں

   

گورنر کی رپورٹ کے باوجود مرکز سے کوئی کارروائی نہیں، پونم پربھاکر کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔ 25 اکٹوبر (سیاست نیوز) پردیش کانگریس کے ورکنگ پریسیڈنٹ پونم پربھاکر نے کہا کہ آر ٹی سی ہڑتال کی یکسوئی کے لیے بی جے پی کے ریاستی صدر ڈاکٹر لکشمن کو اہم رول ادا کرنا چاہئے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آر ٹی سی ملازمین کی ہڑتال کے 21 دن مکمل ہوگئے لیکن آج تک بی جے پی نے مسئلہ کی یکسوئی کے لیے سنجیدہ قدم نہیں اٹھائے۔ مرکز میں برسر اقتدار بی جے پی حکومت پر ریاستی بی جے پی قائدین کو دبائو بنانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ہڑتال کے سلسلہ میں ڈاکٹر لکشمن کا رویہ ملازمین کے حق میں ہمدردی کا نہیں ہے۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ آر ٹی سی ملازمین معاشی مشکلات کے سبب خودکشی پر مجبور ہیں لیکن یہ بی جے پی کو دکھائی نہیں دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کو ہڑتال کی یکسوئی کے سلسلہ میں علیحدہ ایکشن پلان کا اعلان کرنا چاہئے۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ اگر بی جے پی قیادت مرکز پر دبائو بناتی ہے تو مسئلہ بآسانی حل ہوسکتا ہے۔ گورنر کی جانب سے مرکز کو رپورٹ کی پیشکشی کو کافی عرصہ ہوگیا لیکن مرکز نے کوئی قدم نہیں اٹھایا۔ پونم پربھاکر نے چیف منسٹر کی جانب سے کل پریس کانفرنس میں آر ٹی سی ملازمین کے خلاف ریمارکس پر افسوس ظاہر کیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ تحریک میں جن قائدین کی ستائش کرتے ہوئے کے سی آر نہیں تھکتے تھے، وہ آج ان قائدین کے خلاف سخت ریمارکس کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت آر ٹی سی ہڑتال پر توجہ نہیں دیتی ہے تو بی جے پی اور ٹی آر ایس میں میچ فکسنگ ثابت ہوجائے گی۔