آر ٹی سی ہڑتال کے اختتام کیلئے چیف منسٹر سے سی پی آئی کی درخواست

   

حیدرآباد 12 نومبر (این ایس ایس) سی پی آئی کے سکریٹری چاڈا وینکٹ ریڈی آر ٹی سی ملازمین کی غیر معینہ مدت کی ہڑتال اور اس سے عوام اور خود ہڑتالی ملازمین کو ہونے والی دشواریوں اور مسائل پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ وینکٹ ریڈی نے یہاں جاری ایک صحافتی بیان میں کہاکہ ہڑتال دوسرے مہینے میں داخل ہوچکی ہے۔ ملازمین تہواروں کے موقعوں پر بھی تنخواہوں سے محروم رہے۔ آر ٹی سی بس روٹس کو خانگیانے سے حکمراں پارٹی کا نام داغدار ہوگا۔ اُنھوں نے تجویز پیش کی کہ جے اے سی قائدین سے بات چیت کے ساتھ حکومت کو یہ تعطل ختم کرنا چاہئے۔ چاڈا وینکٹ ریڈی نے اس احساس کا اظہار کیاکہ عدالت بھی ہڑتالی عملہ سے بات چیت کے اقدامات تجویز کرچکی ہے لیکن حکومت اپنے موقف پر بضد ہے۔ کم سے کم چیف منسٹر کو چاہئے کہ وہ اس مسئلہ کا کوئی منطقی حل برآمد کریں۔