نئی دہلی، 30 اپریل (سیاست ڈاٹ کام)ایشیا کی سب سے بڑی سبزی اور پھل منڈی آزادپور سے جڑے 15 لوگوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے اور 13 دکانوں کو سیل کردیا گیا ہے ۔منڈی کے زرعی پیداوار کی مارکیٹنگ کمیٹی (اے پی ایم سی) کے صدر عادل احمد خان نے جمعرات کو بتایا کہ ضلع انتظامیہ نے پندرہ لوگوں کے کرونا پازیٹیو پائے جانے کی تصدیق کی ہے ۔ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ ٹیم ان سے مسلسل رابطہ میں ہیں اور ان کے رابطہ میں آئے لوگوں کی جانچ کی جارہی ہے ۔مسٹرعادل خان نے بتایا کہ ابھی تک منڈی میں تیرہ دکانیں سیل کردی گئی ہیں اور 43 لوگوں کو قرنطینہ کیاگیا ہے ۔ منڈی انتظامیہ ان لوگوں کے کھانے پینے کا انتظام کررہی ہے ۔آزاد پور منڈی کو مسلسل سینیٹائز کیا جارہا ہے ۔ منڈی آنے والے سبھی مزدور، تاجر، ڈرائیوروں اور کسانوں کو ماسک دیا جارہا ہے ۔
