آسام میں سیلاب کی صورتحال سنگین، مہلوکین کی تعداد 16 ہوگئی

   

Ferty9 Clinic

ریاست کے کئی اضلاع میں پانی داخل، زائداز 2.5 لاکھ افراد متاثر ، امدادی کام جاری

گوہاٹی : آسام میں سیلاب کا قہر جاری ہے۔ ریاست کے تقریباً 16 اضلاع میں پانی داخل ہوگیا ہے جس کے نتیجہ میں 2.5 لاکھ سے زیادہ آبادی متاثر ہوئی ہے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ مہلوکین کی تعداد بڑھ کر 16 ہوگئی ہے۔ ریاست کا بھیماجی ضلع سیلاب سے شدید طور پر متاثر ہوا ہے جبکہ دیگر متاثرہ اضلاع میں تنسکیا، مجولی اور دبرو گڑھ شامل ہیں۔ ضلع دبرو گڑھ میں آج ایک شخص کی موت ہوگئی۔ آسام اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھاریٹی کی سیلاب سے متعلق تازہ اطلاعات کے مطابق برہمپترا دریا اور اُس کی معاون ندیاں خطرہ کی سطح سے اوپر بہہ رہی ہیں۔ اضلاع بھیماجی، لکھم پور، اودل گوڑی، بکسا، نلباری، کھوکراجار، بارپیٹا، ناگاؤں، گولا گھاٹ اور دیگر سیلاب سے متاثر ہیں۔ ضلع حکام کی جانب سے 6 اضلاع میں 142 ریلیف کیمپس اور ڈسٹری بیوشن سنٹرس قائم کئے گئے ہیں جن میں زائداز 18 ہزار لوگوں کو پناہ دی گئی ہے۔ موری گاؤں سے موصولہ اطلاع کے مطابق پوبیتورا وائلڈ لائف سنچری کا 80 فیصد علاقہ زیرآب آگیا ہے جس کے نتیجہ میں جنگلی جانوروں کو قریبی اونچے مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے۔ سنچری کے رینجرس کے مطابق جمعرات کو سنچری میں سیلاب کا پانی داخل ہوگیا اور صورتحال سنگین ہے۔ بارش اور سیلاب سے 12 ہزار ہیکٹر سے زیادہ زرعی اراضی پر کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچا ہے۔ سیلاب کا پانی نشیبی علاقوں میں داخل ہوگیا ہے جس سے عوام کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ اطلاعات کے مطابق کئی مقامات پر سڑکیں اور انفراسٹرکچر بھی بُری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ حکومت کی جانب سے راحت اور امدادی کام تیزی سے جاری ہیں۔ ضلع جورہاٹ کے نیماٹی گھاٹ میں دریائے برہمپترا خطرہ کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہے جبکہ سونیت پور ضلع کے ڈھوبری ٹاؤن اور تیزپور میں بھی صورتحال سنگین ہے۔کورونا وائرس کی وباء کے بیچ آسام کے ساتھ اروناچل پردیش بھی سیلاب سے متاثر ہے۔
گوہاٹی میں آج سے مکمل لاک ڈاؤن
گوہاٹی : آسام میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ پر قابو پانے کے لئے حکومت نے 28 جون سے 14 دنوں کے لئے گوہاٹی میں مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان کیا ہے۔ آسام کے وزیر صحت و وزیر تعلیم ہیمانتا بسواس شرما نے بتایا کہ صحت عامہ، حفظان صحت اور سیفٹی کے لئے حکومت کی جانب سے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ سخت اقدامات کے بغیر تیزی سے پھیلنے والی اِس وباء پر قابو نہیں پایا جاسکتا۔تمام سرکاری و خانگی دفاتر کے علاوہ تجارتی مراکز بند رہیں گے۔