نئی دہلی 4 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی وڈرا نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ یوپی اور این سی آر علاقہ میں آلودگی کے مسئلہ پر متحد ہوجائیں۔ انھوں نے کہاکہ صاف ستھری ہوا ہمارا حق اور ذمہ داری ہے۔ انھوں نے اس موقع پر لندن کی مثال دی جہاں 1952 ء میں آلودگی کے باعث ہزاروں افراد موت کی آغوش میں چلے گئے تھے جس کے بعد عوام اس کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے اور وہاں صاف ستھری ہوا کے لئے قانون سازی کی گئی۔ آج آلودگی سے متعلق مسئلہ پر سنجیدگی سے غور کرنے کی ضرورت ہے۔ دہلی، نویڈا، غازی آباد، کانپور، بنارس، لکھنؤ اور دیگر کئی شہروں میں ہوا زہریلی ہوگئی ہے۔ اس زہریلی ہوا میں ہمارے بچے اسکولوں کو جارہے ہیں جبکہ مزدور اور عام آدمی اسی آلودگی میں کام کررہے ہیں۔ ’’آلودگی کے خلاف متحد ہوجاؤ‘‘ کے نعرہ کے ساتھ اپنے ٹوئٹ میں پرینکا گاندھی نے کہاکہ زندگیوں کو بہتر بنانے کے لئے چند چیزیں کرنے کی ضرورت ہے جیسے لائف انشورنس وغیرہ۔ انھوں نے کہاکہ صاف ستھری ہوا ہمارا حق ہے جبکہ آلودگی کے خلاف بھی کوشش کرنی چاہئے۔