آندھرا میں علاقائی جماعتوں کی کانگریس کو عدم تائید : وجئے شانتی

   

حیدرآباد 29 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) اداکارہ سے سیاستدان بننے والی وجئے شانتی نے اس بات پر مایوسی کا اظہار کیا کہ کانگریس پارٹی کو آندھرا پردیش کی علاقائی جماعتوںکی تائید حاصل نہیں ہو رہی ہے جبکہ کانگریس نے یہ اعلان کردیا ہے کہ وہ ریاست کو خصوصی موقف کا درجہ دینے کیلئے تیار ہے اگر وہ مرکز میں برسر اقتدار آجاتی ہے ۔ انہوں نے اپنے ٹوئیٹر پر علاقائی جماعتوں کے رویہ پر سوال کیا کہ یہ جماعتیں کانگریس کی تائید کے بغیر ریاست کیلئے خصوصی موقف کس طرح حاصل کرسکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے اس مسئلہ پر پہلے ہی ریاست اور ریاست کے عوام سے دھوکہ کیا ہے اور اس نے خصوصی موقف دینے کے اپنے وعدہ کو فراموش کردیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جب کانگریس پارٹی نے علیحدہ ریاست تشکیل دی تو انہوں نے کانگریس میں شمولیت اخؒیار کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انہیں کانگریس کے وعدوں میں یقین ہے اسی لئے انہوں نے اس پارٹی میں شمولیت اختیار کی ہے جبکہ آندھرا پردیش کی علاقائی جماعتیں خصوصی موقف کے وعدہ کے باوجود کانگریس کی تائید کرنے سے گریز کر رہی ہیں۔