جاریہ سال وجئے واڑہ سے عازمین کی روانگی، ڈپٹی چیف منسٹر امجد باشاہ اور مولانا فاروق قاسمی کا بیان
حیدرآباد۔ یکم نومبر (سیاست نیوز) جمعیت العلماء کونسل کے صدر مفتی محمد فاروق قاسمی نے وائی ایس جگن موہن ریڈی حکومت کی جانب سے عازمین حج کے لیے امداد کے اعلان کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ سابق میں کسی بھی چیف منسٹر نے اس طرح کی منفرد اسکیم متعارف نہیں کی تھی جو کہ وائی ایس جگن موہن ریڈی نے عازمین حج کے لیے معاشی امداد کی اسکیم کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی کسی بھی ریاست میں اس طرح کی اسکیم متعارف نہیں کی گئی۔ وجئے واڑہ میں حج 2020ء کے تربیتی پروگرام میں حصہ لیتے ہوئے مفتی فاروق قاسمی نے ان خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے چیف منسٹر جگن موہن ریڈی اور ڈپٹی چیف منسٹر امجد باشاہ سے علماء کونسل اور مسلمانان آندھراپردیش کی جانب سے اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کی خصوصی دلچسپی کے نتیجہ میں آندھراپردیش کے عازمین حج وجئے واڑہ ایرپورٹ سے روانہ ہوں گے۔ مرکزی حکومت نے وجئے واڑہ میں امبارگیشن پوائنٹ کی منظوری دی ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر و اقلیتی بہبود کے وزیر امجد باشاہ نے کہا کہ حکومت کی جانب سے عازمین حج کے لیے تمام تر سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ امبارگیشن پوائنٹ پر کھانے کی سہولت کے علاوہ دیگر بنیادی سہولتیں فراہم کرتے ہوئے عازمین حج کی بہتر سے بہتر انداز میں خدمت کی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ وائی ایس جگن موہن ریڈی حکومت اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے سلسلہ میں سنجیدہ ہے۔ حج درخواستوں کے آن لائین ادخال کی آخری تاریخ 10 نومبر ہے اور 300 روپئے درخواست فیس کے ساتھ درخواست گزار مقررہ تاریخ سے قبل اپنی درخواستیں داخل کردیں۔