آپ کے محبوب شوہر کے انتقال پر سنہری دور کا خاتمہ صدر کانگریس سونیاگاندھی کا سائرہ بانو سے اظہار تعزیت

   

نئی دہلی: شہنشاہ جذبات دلیپ کمار گزشتہ روز اس دارِ فانی سے دارِ بقا کے لئے کوچ کر گئے۔ ان کی وفات سے ان کے ہزاروں مداح رنج و غم میں مبتلا ہو گئے اور ملک و بیرون سے تعزیت کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ آخری وقت تک سایہ کی طرح ان کی خدمت کرنے والی سائرہ بانو اپنے ’صاحب‘ سے جدا ہو جانے سے ٹوٹ گئی ہیں اور ایک موقع پر شاہ رخ خان انہیں سہارا دیتے ہوئے نظر آئے۔دریں اثنا، کانگریس کی صدر سونیا گاندھی نے سائرہ بانو کے نام ایک تعزیتی پیغام لکھ کر ان سے گہری تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ سونیا گاندھی نے دلیپ کمار کی بہترین کارکردگی کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان ہمیشہ ان کی یادوں کا احترام کرے گا۔ ساتھ ہی انہوں نے سائرہ بانو کو تکلیف کے برداشت کرنے کا حوصلہ فراہم ہونے کے لئے دعا کی ہے۔سونیا گاندھی نے تعزیتی پیغام میں لکھا، آپ کے محبوب شوہر کے انتقال کے ساتھ ہی ہندوستانی سنیما کے ایک سنہری دور کا اختتام ہو گیا۔