اٹلی سے تارکین وطن لینے کا جرمن منصوبہ معطل

   

برسلز : یورپی یونین کی اس رضاکارانہ اسکیم کا مقصد بلاک کے ان سرحدی ممالک پر دباؤ کم کرنا ہے، جو تارکین وطن کی پہلی منزل ہوتے ہیں۔ جرمنی نے اس اسکیم کے تحت اب تک سترہ سو تارکین وطن کو پناہ دی تھی۔ جرمنی نے کہا ہے کہ اس نے یورپی یونین کے ایک رضاکارانہ یکجہتی کے منصوبے کے تحت اٹلی سے تارکین وطن کو اپنے ہاں لے جانا بند کر دیا ہے۔ جرمن حکومت کے اس اقدام سے یورپی یونین میں پناہ کے متلاشی غیر ملکیوں کے معاملے پر ایک نیا تنازعہ پیدا ہو سکتا ہے۔ اس رضاکارانہ اسکیم کا مقصد یورپی یونین کے ان سرحدی ممالک پر دباؤ کو کم کرنا ہے، جو اکثر تارکین وطن کے یورپ میں سمندری راستے سے داخلے کا پہلا مقام ہوتے ہیں۔ اس طریقہ کار کے تحت جرمنی کو ان 3500 پناہ گزینوں کو لینا تھا، جنہوں نے پہلی بار اٹلی میں پناہ لی تھی لیکن برلن حکومت کی جانب سے اس عمل کو روکنے کا فیصلہ کرنے سے پہلے ان میں سے صرف 1,700 تارکین وطن ہی جرمنی پہنچ سکے تھے۔ جرمن وزارت داخلہ کے ایک ترجمان نے کہا کہ اٹلی سمیت کچھ رکن ممالک کی طرف سے تارکین وطن سے متعلق ڈبلن طریقہ کار کے جاری عمل کی معطلی ان بڑے چیلنجوں کو تقویت دیتی ہے، جن کا جرمنی کو اس وقت (تارکین وطن کے) استقبال اور رہائش کی گنجائش کے حوالے سے سامنا ہے۔