روم ۔ 9 جون (سیاست ڈاٹ کام) کمیونٹیز کی طرح اٹلی کی مسلم کمیونٹی نے بھی کورونا وائرس کی وجہ سے بہت سی اموات کا سامنا کیا۔لیکن مردے دفنانے کے لیے جگہ کی قلت نے اٹلی کے مسلمانوں کے دکھوں میں اضافہ کیا ہے۔ وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تدفین کے لیے جگہ کم پڑنے کے بعد اٹلی کے امام اور مسلمان کمیونٹی مزید قبرستانوں کا مطالبہ کرنے لگے ہیں۔ان کے مطابق یا تو مزید قبرستان دیئے جائیں یا موجودہ قبرستانوں میں اضافی جگہ دی جائے کیونکہ بڑی تعداد میں مسلمان اب اٹلی میں ہی دفن ہونا چاہتے ہیں۔میلان کے سیستو مسجد کے امام عبداللہ تچینا نے بتایا کہ ہم وبا کی تکلیف سے گزرے ہیں۔ ’ یہ تکلیف اس وقت زیادہ بڑھ جاتی ہے جب کچھ خاندانوں کو ان کے عزیزوں کو دفنانے کے لیے قبرستانوں میں جگہ نہیں ملتی، اس لیے کہ ٹاؤن کے قبرستانوں میں مسلمانوں کے لیے جگہ مخصوص نہیں۔‘اٹلی میں کورونا وائرس سے 34 ہزار سے زیادہ لوگ ہلاک ہو چکے ہیں۔