ٹاٹا موٹرس کے صدر کا اشارہ ۔ مزید سرمایہ کاری سے کمپنی کا گریز
حیدرآ باد 24 جنوری ( پی ٹی آئی ) ٹاٹا موٹرس کی جانب سے رتن ٹاٹا کی ڈیم کار سمجھی جانے والی نانو کار کے پراجیکٹ میں مزید کسی سرمایہ کاری کا امکان نہیں ہے ۔ کمپنی کے ایک عہدیدار نے یہ اشارہ دیا ہے کہ ٹاٹا نانو کار کی تیاری اور فروخت کو اپریل 2020 سے روک دیا جائیگا ۔ نانو کار ٹاٹا کے سناڈ پلانٹ ( گجرات ) میں تیار کی جاتی ہے ۔ ٹاٹا موٹرس کے صدر میانک پاریکھ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جاریہ سال جنوری میں کچھ نئے سیفٹی قوانین لاگو ہوئے ہیں۔ اپریل سے مزید چند نئے قوانین آئیں گے ۔ اکٹوبر میں نئے رولس آئیں گے ۔ اس کے بعد یکم اپریل 2020 سے نیا طریقہ کار BS-V1 لاگو کیا جائیگا ۔ ایسے میں تمام گاڑیوں میں BS-V1 نہیں لایا جاسکتا ۔ ٹاٹا موٹرس اپنی تمام گاڑیوں میںاس کیلئے سرمایہ کاری کے حق میں نہیں ہے ۔ ان میں نانو بھی شامل ہے ۔ نانو کار کو رتن ٹاٹا کی ڈریم کار کہا جاتا ہے جو انہوں نے ہندوستانی عوام کو قابل رسائی قیمت پر محفوظ سفر کی سہولت فراہم کرنے اس کار کی شروعات کی تھی تاہم اس کار کو ملک کے عوام کی زیادہ پسندیدگی حاصل نہیں ہوسکی ۔ یہ کار 2009 میں ابتدائی قیمت ایک لاکھ روپئے کے ساتھ لانچ کی گئی تھی ۔ مسٹر پاریکھ نے یہ اشارہ بھی دیا کہ ٹاٹا موٹرس کے کچھ موجودہ پراڈکٹس کی تیاری کا سلسلہ بھی منقطع کیا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے تاہم اس سلسلہ میں دوسری مسافر بردار گاڑیوں کا کوئی حوالہ نہیں دیا ۔