اپل اسکائی واک کا آج وزیر کے ٹی آر کے ہاتھوں افتتاح

   

25 کروڑ کا خرچ، لفٹس اور انٹری و ایگزٹ کی سہولت

حیدرآباد۔25۔جون(سیاست نیوز) اپل اسکائی واک کی تعمیر مکمل کرنے کے بعد 26 جون کو دن میں 11 بجے اس کا افتتاح انجام دیا جائے گا ۔ ریاستی وزیر کے ٹی راما راؤ 25کروڑ کی لاگت سے تعمیر کئے گئے اس اسکائی واک کا افتتاح انجام دیں گے ۔ محکمہ بلدی نظم ونسق نے مہدی پٹنم چوراہے پر بھی اسکائی واک کے تعمیری کاموں کا آغاز کیا تھا اور اس بات کا اعلان کیا گیاتھا کہ مہدی پٹنم پر زیر تعمیر اسکائی واک کو مئی 2023 کے اختتام سے قبل مکمل کرلیا جائے گا لیکن اب جب عہدیداروں سے اس اسکائی واک کی تکمیل کے سلسلہ میں استفسار کیا جا رہاہے تو کہا جا رہاہے کہ بعض مسائل کی وجہ سے اس کے تعمیری کاموں کو روکا گیا ہے جو کہ دوبارہ جلد شروع کئے جائیں گے۔ شہر کے نواحی علاقہ جات جو نوآبادیاتی ہیں ان علاقوں میں سہولتوں کی فراہمی کے سلسلہ میں محکمہ جات کی سنجیدگی اور سرعت کو دیکھتے ہوئے ایسا لگتا ہے کہ شہر کے گنجان آبادی والے علاقوں میں سہولتوں کی فراہمی کے معاملہ میں انہیں کوئی دلچسپی نہیں ہے جس کے سبب وہ شہریوں کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی پر توجہ نہیں دے رہے ہیں۔ ریاستی وزیر داخلہ اپل میں تعمیر کئے گئے اسکائی واک کا افتتاح 26جون کو انجام دیں گے ۔ اپل میں تعمیر کئے گئے اس اسکائی واک کو 25کروڑ کی لاگت سے تعمیر کیا گیا ہے جو کہ 6میٹر چوڑا ہے ۔ اس اسکائی واک پر پہنچنے کے لئے 8لفٹس ‘ 6 سیڑھیاں‘ اور 6 انٹری اور اگزٹ کے راستے تیار کئے گئے ہیں۔ اپل اسکائی واک جملہ 37 پلرس پر تعمیر کیا گیا ہے اور اس اسکائی واک کے افتتاح کے بعد توقع ہے کہ روزانہ اس اسکائی واک سے استفادہ حاصل کرنے والوںکی تعداد 20ہزار سے زیادہ ہوگی جو سڑک کے بجائے اسکائی واک کا استعمال کریں گے جو کہ ٹریفک کے آسان بہاؤ کے لئے بھی معاون ثابت ہوگا۔مہدی پٹنم اسکائی واک جو کہ 390 میٹر طویل ہے اس میںحیدرآباد میٹروپولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے ذمہ داروں نے 11لفٹس لگانے کا فیصلہ کیا ہے اور یہ جملہ 32.97 کروڑ کی لاگت سے تعمیر کیا جا رہاہے اس کی تکمیل اب تک نہیں ہوپائی ہے۔ ریاستی وزارت بلدی نظم ونسق کی جانب سے ان دونوں اسکائی واک کے سلسلہ میں کاموں کے آغاز کے بعد سے کہا جا رہاتھا کہ جنوری 2023 میں اپل اسکائی واک کے تعمیراتی کاموں کو مکمل کرلیا جائے گا اور ماہ مئی 2023 میں مہدی پٹنم اسکائی واک کے کاموں کو مکمل کرلیا جائے گا لیکن مہدی پٹنم اسکائی واک کی تعمیر کی رفتار سے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ان کاموں کے لئے مزید کم از کم 6تا8 ماہ درکار ہوں گے جبکہ اپل اسکائی واک افتتاح کے لئے تیار ہوئے تین ماہ کا عرصہ گذر چکا ہے۔ عہدیدارو ںکے مطابق مہدی پٹنم اسکائی واک کی تعمیر میں آنے والی رکاوٹوں میں اعلیٰ عہدیداروں کی عدم دلچسپی کے سبب یہ تعمیری کام زیر التواء ہیں ۔