ریاستی وزیر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کی عہدیداروں پر برہمی
حیدرآباد۔/4 اگسٹ، ( سیاست نیوز) وزیر عمارات و شوارع کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی اور رکن پارلیمنٹ ملکاجگری ایٹالہ راجندر نے عہدیداروں کے ہمراہ آج اپل تا نارا پلی ایلویٹیڈ کاریڈار کے کاموںکا جائزہ لیا۔ ایلویٹیڈ کاریڈار کے کاموں کا 2018 میں آغاز ہوا تھا جن کی آج تک تکمیل نہیں ہوئی۔ مقامی افراد نے ریاستی وزیر سے شکایت کی ہے کہ کاموں کی عدم تکمیل کے نتیجہ میں عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔ وزیر عمارات و شوارع نے اس موقع پر محکمہ آر اینڈ بی کے عہدیداروں پر ناراضگی کا اظہار کیا اور کہا کہ چھ سال میں 6 کلو میٹر کاموں کی عدم تکمیل باعث شرم ہے۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ نارا پلی سے اپل تک سڑک کی تعمیر کیلئے درکار فنڈز کے بارے میں انہیں رپورٹ پیش کی جائے۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ یہ پراجکٹ مرکزی و ریاستی حکومت کا مشترکہ پراجکٹ ہے باوجود اس کے مقررہ مدت میں عدم تکمیل عوام کیلئے تکلیف کا باعث ہے۔ ریاستی وزیر نے عہدیداروں سے پراجکٹ کی عدم تکمیل کی وجوہات کے بارے میں دریافت کیا اور کہا کہ آر اینڈ بی عہدیدار اپنے فرائض کی تکمیل میں ناکام ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جی ایچ ایم سی، فاریسٹ اور کنٹراکٹرس کا نام لے کر عہدیدار اپنی ذمہ داری سے بچ نہیں سکتے۔ حکام نے 8 اگسٹ سے دوبارہ کاموں کے آغاز اور ستمبرکے اواخر تک ایلویٹیڈ کاریڈار کے ٹنڈر کاموں کی تکمیل کا تیقن دیا۔ ریاستی وزیر نے اندرون دو سال فلائی اوور کے کام کی تکمیل کی رائے دی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آئندہ دس برسوں میں حیدرآباد کو عالمی معیار کے شہر میں تبدیل کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ 1