این آر آئیز سے ورچول کانفرنس سبیتا اندرا ریڈی اور کے ٹی آر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 12 فبروری (سیاست نیوز) وزیر بلدی نظم و نسق تلنگانہ کے ٹی آر نے حکومت کے باوقار پروگرام ’’اپنا گاؤں اپنا اسکول‘‘ پروگرام کا حصہ بننے کی این آر آئیز سے اپیل کی ہے۔ کے ٹی آر اور وزیرتعلیم سبیتا اندرا ریڈی نے آج این آر آئیز سے ’’اپنا گاؤں اپنا اسکول‘‘ کے مسئلہ پر ورچول کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ کے ٹی آر نے کہا کہ علحدہ ریاست کی تشکیل کے بعد تلنگانہ نے کئی شعبوں میں نمایاں کامیابی حاصل کی ہے۔ تلنگانہ کی تشکیل سے قبل کئی شک و شبہات تھے۔ تاہم چیف منسٹر کے سی آر کی دوراندیشی کی وجہ سے تلنگانہ سارے ملک کیلئے رول ماڈل بن گیا ہے۔ بڑے بڑے پراجکٹس قائم ہوئے۔ بنیادی سہولتیں میسر ہوئی۔ زراعت اور فلاح و بہبود کے شعبوں میں تلنگانہ سرفہرست ہے۔ عوام کو تعلیم اور طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے انقلابی پروگرامس کو متعارف کرائے گئے ہیں۔ تعلیمی میدان میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں لائی گئی ہیں۔ ابتدائی تعلیم سے خواتین کیلئے خصوصی ڈگری کالجس کے بشمول سینکڑوں نئے تعلیمی ادارے قائم کئے گئے ہیں۔ لاکھوں طلبہ کو معیاری تعلیم فراہم کی جارہی ہے۔ ریاست میں سرکاری اسکولس کو مستحکم کرنے کے مقصد سے حکومت نے ’’اپنا گاؤں اپنا اسکول‘‘ پروگرام کا آغآز کررہی ہے جس کیلئے 7289 کروڑ روپئے کے مصارف سے تقریباً 26 ہزار گورنمنٹ اسکولس کو ترقی دینے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ تاہم اس پروگرام میں عوامی حصہ داری کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ اس سلسلے میں ریاست سے دوسرے ممالک میں خدمات انجام دینے والے سپوتوں کو حصہ دار بننے کی وہ خواہش کررہے ہیں بالخصوص وہ این آر آئیز سے خواہش کرتے ہیں کہ وہ اس پروگرام کا حصہ بنے اور تلنگانہ کی ترقی بالخصوص غریب بچوں کا مستقبل بنانے میں بھی اپنا رول ادا کریں۔ سبیتا اندرا ریڈی نے کہا کہ حکومت غریب بچوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ سرکاری اسکولس میں کارپوریٹ طرز کی تعلیم فراہم کرنے کیلئے عملی اقدامات کررہی ہے۔ ’’اپنا گاؤں اپنا اسکول‘‘ کے مثبت نتائج برآمد ہونے کی انہیں قوی امید ہے۔ن