اوٹکور میں جلسہ سیرت النبیؐ سے مولانا پی ایم مزمل و دیگر مقررین کا خطاب
اوٹکور۔ 23؍نومبر (راست)۔ آج مسلمانوں کے معاشرے میں بے حیائی عام ہوتی جارہی ہے۔ ہم نے اسلامی تہذیب و تمدن کو ترک کردیا ہے۔ مسلمان حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے اسوۂ حسنہ کو اپنائیں تو دنیا اور آخرت میں کامیابی ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار پروفیسر عبدالمجید رکن شواری تلنگانہ جماعت اسلامی حیدرآباد نے جلسہ سیرت النبیؐ و اصلاح معاشرہ عنوان پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مولانا محمد شفاعت علی نظامی نے اپنی تقریر میں کہا کہ قرآن مجید کی تعلیمات اور سیرت النبیؐ کے مقابلہ کا انعقاد باعث ثواب اور خوش آئند ہے۔ دینی تعلیمات سے آراستہ گھرانہ اور اصلاح معاشرہ لازمی و ضروری قرار دیا۔ مولانا عبدالرحمن تلگو مقرر و تلگو داعی گنٹور اہلحدیث نے کہا کہ قرآن مجید کی تعلیمات پر ہمارا ایمان ہے۔ اس ایمان و یقین کا لازمی تقاضہ ہے کہ ہم اسلامی تعلیمات کو بندگانِ خدا تک پہنچائیں۔ فضیلت الشیخ مولانا عبدالرحیم خرم جامعی امیر حلقہ جمعیتہ اہلحدیث چندولال بارہ دری نے کہا کہ اپنی تمام تر صلاحیتوں کو اسلام کی اشاعت اور دین کے غلبہ کے لئے صرف کریں۔ ڈاکٹر سوریہ پرکاش ریڈی سابق سرپنچ کانگریس نے اوٹکور میں حضرت محمدؐ کے اس عظیم الشان جلسہ پر دِلی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے ایسے اجلاس کو کامیابی کا مظہر قرار دیا۔ صدارتی خطاب میں مولانا پی ایم مزمل رشادی والا جاہی بنگلور نے کہا کہ قرآن و حدیث سے وابستگی دنیا اور آخرت میں کامیابی کی ضامن ہے۔ مولانا نے کہا کہ اللہ اور اس کے رسولؐ کے بتائے ہوئے اُصولوں کو اپناتے ہوئے اپنی زندگی کو عملی نمونہ بنائیں۔ شہ نشین پر محمد خورشید گدوال، محمد منصور علی ناظم ضلع جماعت اسلامی، جاوید امیر مقامی جماعت اسلامی، محمد سمیر اہلحدیث محبوب نگر، ونیکٹیش ریڈی منڈل کانگریس، محمد فاروق صدر کمیٹی مکہ مسجد، محمد عباد الرحمن صدر کمیٹی جامع مسجد، محمد کاظم حسین صدر ضلع ایم پی جے، محمد شمس الدین گرنی صدر کمیٹی اہلحدیث گدوال، حافظ عبدالرحمن کے علاوہ دیگر موجود تھے۔ اجتماع عام کی کارروائی مفتی حافظ عبدالماجد کلوال نے چلائی۔ مولانا قاری شعیب کی قرآت کلام پاک سے جلسہ کا آغاز ہوا۔ جاوید عبداللہ نے نعت شریف سنائی۔ اس موقع پر طلبہ میں انعامات تقسیم کئے گئے۔