واشنگٹن ۔11 اپریل ۔( سیاست ڈاٹ کام ) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کل اعلان کیا کہ کورونا وائرس کی وباء کے دوران دیگر ممالک میں پھنسے اپنے شہریوں کو واپس بلانے سے پس و پیش یا انکار کرنے والے ممالک پر ویزا کی پابندی عائد کی جائے گی ۔ ٹرمپ نے ویزا پابندیوں سے متعلق ایک میمورنڈم جاری کیا جس پر فوری طورپر عمل ہوگا جس کی مدت 31 ڈسمبر 2020 ء ہے ۔ امریکی صدر کا کہنا ہے کہ ایسے ممالک جو بغیر کسی وجہہ کے ا پنے شہریوں کو امریکہ سے واپس بلانے سے انکار کررہے ہیں وہ امریکی شہریوں کے لئے صحت سے متعلق خطرات میں اضافہ کررہے ہیںجو ناقابل قبول ہے ۔ ایک علحدہ اطلاع کے مطابق امریکی صدر نے کورونا وائرس سے متاثرہ ملک کی معیشت کی دوبارہ بحالی سے متعلق فیصلے کو اہم اور بڑا فیصلہ قرار دیا ہے ۔ اس وباء کے باعث دنیا کی سب سے بڑی معیشت ٹھپ ہوکر رہ گئی ہے۔