ممبئی ؍ متھرا : اس وقت ملک میں متنازعہ زرعی قوانین کو لے کر کسانوں کا جو احتجاج جاری ہے اُس پر ایک ہفتہ قبل بالی ووڈ اداکار دھرمیندر نے ایک ٹوئٹ کیا تھا لیکن بعد میں اُسے حذف کردیا تھا لیکن آج ایک بار پھر اُنھوں نے انگریزی اور ہندی میں ملے جلے ٹوئٹ کے ذریعہ کسانوں کے تئیں اپنی ہمدردی کا اظہار کیا اور کہاکہ اس وقت اُن کے کسان بھائیوں کی جو حالت ہے وہ اُس پر بیحد دُکھی ہیں۔ حکومت کو کسانوں کے مسائل کی عاجلانہ یکسوئی کرنی چاہئے۔ یاد رہے کہ پنجاب اور ہریانہ سے تعلق رکھنے والے ہزاروں کسان گزشتہ چند ہفتوں سے حکومت مخالف مظاہرے کررہے ہیں جن میں 8 ڈسمبر کا بھارت بند بھی شامل ہے۔ کسانوں کو بیشتر سیاسی پارٹیوں کی تائید بھی حاصل ہے جبکہ مرکزی حکومت کے ساتھ بات چیت کے کئی مراحل بھی نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوئے کیوں کہ کسان تینوں زرعی قوانین کا مکمل خاتمہ چاہتے ہیں۔ دھرمیندر خود بھی 2004 ء تا 2009 ء بی جے پی کے ایم پی رہ چکے ہیں لیکن وہ یہ بات کبھی نہیں بھول سکے کہ وہ خود بھی ایک کسان ہیں۔ جاریہ ماہ کے اوائل میں اُنھوں نے کسانوں کے مسئلہ کی عاجلانہ یکسوئی کیلئے ایک ٹوئٹ کیا تھا لیکٹ ٹوئٹ پر منفی تبصرہ کرنے والوں کی وجہ سے انھوں نے اپنا وہ ٹوئٹ حذف کردیا تھا۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بھی ضروری ہے کہ دھرمیندر کے بیٹے سنی دیول بھی ایک ایکٹر کے علاوہ پنجاب کے گرداس پور سے بی جے پی کے ایم پی ہیں۔