اپوزیشن جماعتوں کا آج ریاست گیر سطح پر راستہ روکو احتجاج

   

روزگار کی فراہمی میں حکومت ناکام، کانگریس ، بائیں بازو اور دیگر پارٹیوں کی شرکت
حیدرآباد ۔13۔اکتوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ میں بیروزگار نوجوانوں کے مسائل اور پبلک سرویس کمیشن کے امتحانات میں بے قاعدگیوں کے خلاف کل 14 اکتوبر کو ریاست گیر سطح پر راستہ روکو اور سڑک بند احتجاج منظم کیا جائے گا۔ کانگریس ، بائیں بازو اور دیگر جماعتوں سے مشترکہ احتجاج کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ صدر تلنگانہ جنا سمیتی پروفیسر کودنڈا رام نے بتایا کہ کانگریس ، سی پی آئی ، سی پی ایم ، بی ایس پی ، سی پی آئی ایم ایل نیو ڈیموکریسی ، تلنگانہ پرجا سمیتی اور عثمانیہ یونیورسٹی طلبہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے احتجاج کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ امتحانات کے انعقاد میں ناکامی پر پبلک سرویس کمیشن کے صدرنشین اور ارکان کو فوری برطرف کیا جائے اور نئے کمیشن کی تشکیل کے ذریعہ امتحانات منعقد کئے جائیں۔ انہوں نے ڈی ایس ای کے تحت مخلوعہ 13500 جائیدادوں پر تقررات کیلئے نوٹیفکیشن جاری کرنے اور گروپ امتحانات کی منسوخی سے طلبہ کو نقصان پر فی کس تین لاکھ روپئے معاوضہ ادا کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوںنے کہا کہ بیروزگار نوجوانوں کے مسائل کے حل میں کے سی آر حکومت ناکام ہوچکی ہے۔ کودنڈا رام نے بتایا کہ حیدرآباد پہنچنے والی چار اہم شاہراہوں پر راستہ روکو اور سڑک بند احتجاج منظم کیا جائے گا ۔ ورنگل ، کریم نگر ، کھمم اور محبوب نگر سے حیدرآباد پہنچنے والی تمام شاہراہوں کو صبح 10.30 بجے سے بند کر دیا جائے گا اور دوپہر 12.30 تک احتجاج جاری رہے گا۔ کانگریس کے نائب صدر ڈاکٹر ملو روی نے کانگریس قائدین اور کارکنوں سے احتجاج میں حصہ لینے کی اپیل کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 9 برسوں میں پبلک سرویس کمیشن شفافیت کے ساتھ امتحانات کے انعقاد میں ناکام ہوچکا ہے ۔ گروپ I اور گروپ II کے عدم انعقاد کے نتیجہ میں لاکھوں امیدواروں کو مایوسی ہوئی۔