نئی دہلی: کانگریس کے صدر ملکارجن کھرگے نے کہا ہے کہ ہم خیال اپوزیشن پارٹیاں ملک اور عوامی مفاد کے لیے اپنے ایجنڈے پر متحد ہیں اور اس مقصد کو حاصل کرنے کے لیے ایک اچھی شروعات ہوگئی ہے ۔ کھرگے نے ٹویٹ کیاکہ اچھی شروعات کا مطلب ہے کہ آدھا کام ہوگیا ہے ۔ ہم خیال اپوزیشن جماعتیں سماجی انصاف، جامع ترقی اور قومی مفاد کے ایجنڈے کو فروغ دینے کے لیے مل کر کام کریں گی۔انہوں نے کہا کہ ہم ملک کے عوام کو تفرقہ بازی، نفرت کی سیاست، معاشی ناہمواری اور لوٹ مار اور عوام دشمن پالیسیوں سے نجات دلانا چاہتے ہیں۔ ہم ایک ایسا ہندوستان چاہتے ہیں جہاں انصاف، آزادی، مساوات اور بھائی چارے کے آئینی اصول ہوں۔ ہم ایک ایسا ہندوستان چاہتے ہیں جہاں سب سے کمزور لوگوں کو امید ہو۔ ہم ایسے ہندوستان کے لیے متحد ہیں۔