اپوزیشن متحد ، مابعد چناؤ اتحاد ممکن، مودی کی شکست بنیاد مقصد : راہول

   

نئی دہلی ۔ یکم ؍ اپریل (سیاست ڈاٹ کام) لوک سبھا انتخابات کے بعد اپوزیشن کا اتحاد قطعی ممکن ہے کیونکہ تمام اپوزیشن پارٹیاں ملک کے مفاد میں بی جے پی کو شکست دینے میں متحد ہیں، صدر کانگریس راہول گاندھی نے یہ بات کہی۔ انہوں نے نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کو انٹرویو میں بتایا کہ وزیراعظم نریندر مودی کو شکست دینا سب سے ترجیحی کام ہے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف ریاستوں میں سیکولر اتحاد قائم ہیں اور بی جے پی کو سارے ملک میں اپوزیشن کے طاقتور امیدواروں کا سامنا رہے گا۔ ساری اپوزیشن کیلئے نمبر ایک کام نریندر مودی کو شکست دینا اور دستور و جمہوریت کو بچانا ہے۔ بی جے پی کو ہندوستان کے اداروں اور اس کے سماجی تانے بانے کو برباد کرنے سے روکنے کیلئے نیز ترقی کی رفتار کو بڑھانے، معیشت کو فروغ دینے، نوکریاں پیدا کرنے، سماجی ہم آہنگی کو یقینی بنانے کیلئے سارا اپوزیشن متحد ہورہا ہے۔ انہوں نے اپوزیشن کی صفوں میں اختلافات کی باتوں کے بارے میں کہا کہ مختلف ریاستوں میں سیکولر فورسیس یکجا ہورہی ہے تاکہ بی جے پی کو شکست دی جاسکے۔