نئی دہلی۔26 نومبر ۔(سیاست ڈاٹ کام) اہم اپوزیشن پارٹی کانگریس سمیت سبھی اپوزیشن پارٹیوں نے منگل کو پارلیمنٹ کے مرکزی ہال میں منعقدیوم آئین کی تقریب کا بائیکاٹ کیا اور برسر اقتدار پارٹی بی جے پی پر جمہوریت کرنے کا الزام لگاتے ہوئے آئین ساز بھیم راو امبیڈکر کے مجسمے کے سامنے مظاہرہ کیا۔آئین کو نافذ کئے جانے کے 70برس پورے ہونے کے موقع پر اپوزیشن پارٹیوں کے لیڈروں نے پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے میں واقع آئین ساز بھیم راو امبیڈکر کے مجسمے کے پاس 10:30 پر جمع ہونا شروع کیا اور سب نے ایک آواز میں مرکزی ہال کی تقریب میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا۔کانگریس کے علاوہ ترنمول کانگریس،ڈی ایم کے ،شیو سینا،نیشنلسٹ کانگریس پارٹی،سماجوادی پارٹی،بہوجن سماج پارٹی، راشٹریہ جنتا پارٹی سمیت تمام اپوزیشن پارٹیوں کے لیڈر اور رکن پارلیمنٹ شامل تھے ۔ان لیڈروں نے ہاتھون میں تختیاں اور بینر لے کر حکومت کی پالیسیوں کے خلاف مظاہرہ کیا جس پر ’’جمہوریت کا قتل بند کرو‘‘،’’آئین بچاؤ‘‘وغیرہ کے نعرے لکھے ہوئے تھے ان لیڈروں نے آئین کے تئیں الگ الگ حصوں کو پڑھکر سنایا۔جسے وہاں موجود لوگوں نے بڑی توجہ سے سنا۔